لارڈزٹسٹ میں کئی کھلاڑیوں کو اعزاز کا موقع

لندن ۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) لارڈزکے تاریخی میدان سے پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کی تلخ یادیں وابستہ ہیں۔2010 میں اسی میدان سے بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں انہیں سز اہوئی تھی۔ پاکستان ٹیم پہلے ٹسٹ میں عامر کی کارکردگی پر انحصار کررہی ہے۔ اگر محمد عامر میچ میں 8 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تو وہ انگلینڈ کے خلاف پچاس ٹسٹ وکٹیں مکمل کر لیں گے۔ لارڈز میں وہ انگلینڈ کیخلاف اپنے کیریئر کا گیار ہواں ٹسٹ کھیلیں گے اگر وہ یہ سنگ میل عبور کر گئے تو عامر میچوں کے اعتبار سے انگلینڈ کے خلاف گیارہ ٹسٹ میں پچاس وکٹ حاصل کرنے والے دنیا کے چوتھے بولر ہوں گے۔ لارڈز میں جمعرات کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹسٹ کے موقع پر کئی انگلش کھلاڑی سنگ میل عبور کر لیں گے۔ اسٹیورٹ براڈ کو ٹسٹ کرکٹ میں تین ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لئے 26 رنز کی ضرورت ہے۔ براڈ ٹسٹ کرکٹ میں تین ہزار رنز بنانے اور چار سو وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پانچویں آل راونڈر بن سکتے ہیں۔ ان سے قبل یہ اعزاز شین وارن ، گریم پولاک، کپیل دیواور رچرڈ ہیڈلی کو حاصل ہے۔ انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو ایک سو وکٹ مکمل کرنے کے لئے پانچ وکٹوں کی ضرورت ہے۔ وہ ایان بوتھم کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر بولر بننے کے قریب ہیں۔ بوتھم نے 26 سال تین دن میں یہ سنگ میل حاصل کیا تھا۔ بوتھم کی طرح اسٹوکس کو یہ اعزاز اپنے 42 ویں ٹسٹ میں پانے کا موقع ہے۔ انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو لارڈز میں ایک سو فرسٹ کلاس وکٹ مکمل کرنے کے لئے8 اور لارڈز میں ایک سو ٹسٹ وکٹ مکمل کرنے کے لئے دس وکٹوں کی ضرورت ہے۔