سڈنی۔4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹربیٹسمین سچن تنڈولکر نے کہاہیکہ انہیں میری لیبون کرکٹ کلب کے 200 سال مکمل ہونے پر منعقد کئے جانے والے میچ میں برائن لارا کے ساتھ کھیلنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔ سابق بیٹسمین سچن اس میچ میں ایم سی سی الیون کی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ انکی ٹیم میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا بھی شامل ہونگے۔ یہ میچ ورلڈ الیون کی ٹیم کیخلاف کھیلا جائے گا۔ سچن نے کہاکہ لارا اور انہوں نے 1994 میں ٹورنٹو کی ٹیم کی جانب سے کھیلا تھا جس میں انہوں نے ایک بہترین پارٹنر شپ قائم کی تھی اور اب یہ موقع ایک مرتبہ پھر سے ہے اور انہیں برائن لارا کے ساتھ کھیل کر خوشی ہوگی۔سچن کے بموجب برائن لارا ایک عظیم کھلاڑی ہیں اوران کے ساتھ کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔