نئی دہلی /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یہ قوم کے لئے تاریخی دن ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہ بات اس وقت کہی، جب ملک کا اعلی ترین سیویلین ایوارڈ بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کو پیش کیا گیا۔ مودی نے واجپائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اٹل جی کی زندگی قوم کے لئے وقف رہی۔ وہ اس ملک کے مثالی سپوت ہیں۔ انھوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ملک کے لئے وقف کیا۔ وہ کروڑہا لوگوں کے لئے جن میں خود میں بھی شامل ہوں، تحریک اور حوصلے کا باعث رہے ہیں اور وہ آنے والی نسلوں کے لئے بھی مشعل راہ رہیں گے۔ میری بھگوان سے پرارتھنا ہے کہ وہ ہم پر ان کی سرپرستی قائم رکھے‘‘۔ وزیر اعظم نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی خیر سگالی کو بھی سراہا کہ وہ واجپائی کی قیامگاہ جاکر انھیں یہ اعزاز پیش کیا۔