قوم و ملت کی ترقی کیلئے برقعہ پوش خواتین بھی پیش پیش

12فیصد تحفظات کی زنجیری بھوک ہڑتال میں ٹی آر ایس قائدین بھی شامل۔ ’سیاست‘ کی تحریک پردستخطی مہم و نمائندگیاں جاری
کھمم۔/2ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر کھمم میں 12فیصد تحفظات کو یقینی بنانے کیلئے  28  نومبر سے زنجیری احتجاج جاری ہے، اس احتجاج کاپانچواں دن مکمل ہوا ، آج کی زنجیری بھوک ہڑتال کا مولاناعبدالستار قاسمی کی تلاوت کلام پاک اوردعاء پر آغاز کیا گیا،  اس موقع پر مسلم اور غیر مسلم، سیاسی و سماجی کار کنان کی ایک بہت بڑی تعداد شریک رہی اور سب نے ملکر اس زنجیری احتجاج کی تائید کر تے ہو ئے مکمل اسکے ساتھ رہنے کا وعدہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ مسلمان نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد بیروزگاری سے دو چار ہو رہی ہے جسکا واحد حل تحفظات کی فراہمی ہے ، مسلمانوں کیلئے تحفظات وقت کی ایک اہم ضرورت ہے، تلنگانہ کے مسلمانوں کو آئیڈیل بنا کر پورے ہندوستان میں پیش کر نے والے کے سی آر اپنا آیڈئیل  ٹملناڈو ، بنگال اور کیرالا کوبنائیں ،  مسلمانوں کے حالات پسماندگی سے بہتری تک ابھر نے کیلئے تحفظات ہی واحد حل ہے جسکو سرکاری ملازمت پر تقررات سے پہلے اعلان کیا جائے، مسلمانوں کو احسانات نہیںچاہئے اپنا جمہوری حق چاہیئے، تحفظات ہی مسلمانوں کے کل مسائل کا حل، ٹملناڈو، بنگال، کیرلا میں بغیر کسی پریشانی کے تحفظات جاری ہیں، جہاں پر مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی میں کوئی دشواری نہیں پھر تلنگانہ حکومت کے لئے دشواریا ں کیوں؟، تحفظات کے وعدہ سے مکر جانا یہ سرا سر بے انصافی ہے، تحفظات کیلئے حکومت کی جانب سے ٹال مٹول ٹھیک نہیں۔ واضح رہے کہ ماضی قریب میں ملازمت میں 43فیصد اوسط رکھنے والے مسلمان صرف تلگو زبان نہ جاننے پر آندھرا کے انضمام کے بعد  1948ء  کے ایک ہی سال میں ہزاروں مسلمانوں کو ملازمتوں سے نکالا گیا ، کبھی شان سے سلطنت آصفیہ میں ملازمتیں کر نے والے رکشہ چلانے پر مجبور ہوگئے، ایک سروے کے مطابق اُس وقت رکشہ چلانے والے افراد میں سے قریبا 40فیصد کبھی شان سے سلطنتِ آصفیہ کے ملازم رہ چکے تھے اور آج ایک فیصد بھی نہ رہا  جس کے بعد سے آج تک اس کی بھر پائی نہ ہو سکی، یہاں اس بات کا ذکر بے جا نا ہو گا کہ 4فیصد تحفظات کا مسئلہ آج بھی سپریم کورٹ میں اسٹے پر ہے، تلنگانہ حکو مت اپنے قیام کے مکمل 18ماہ کا ایک طویل عرصہ گذرنے کے باوجود اس مسئلہ پر کسی وکیل کو مقرر نہیں کیا گیا جو قابلِ افسوس ہے، اس موقع پر کھمم کے سیاسی قائیدین چھوٹے بابو، نذیر احمد نے کہا کہ حکومت نے جو بھی وعدے کئے ہیں ان وعدوں کو پو را کرے، اس موقع پر زنجیری احتجاج میں یوتھ کانگریس کے صدر رام ریڈی چرن ریڈی، جنرل سیکریٹری یوتھ کانگریس ونم چندرشیکھر، بی۔کشور ، ویرا یوتھ کانگریس کے محمد افضل  کے علاوہ دیگر یوتھ کانگریس کے ذمہ داران نے حصہ لیا۔ یوتھ کانگریس کے صدر رام ریڈی چرن ریڈی نے کہا کہ میں اپنی اور ہماری پارٹی کانگریس کی جانب سے اس زنجیری احتجاج کی مکمل تائید کرتا ہوں اور اس موضوع کو چیف منسٹر تک ضرور پہنچاؤنگا، اور مجھ سے جہاں تک ہوسکے اس کاز کو آگے بڑھانے کی میں مکمل کوشش کرونگا اور اس  زنجیری احتجاج  میں میں بھی مکمل ایک دن آپ مسلمان بھائیوں کے ساتھ 12فیصد تحفظات کے احتجاج میں شریک رہونگا، انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمت میں تقررات سے قبل تحفظات کا اعلان کرے جس پر کئی مسلم نو جوان اپنی آس اور اس حکومت کے وعدوں پر اپنے امیدوں کے چراغ جلائے  بیٹھے ہیں، اس موقع پر محمد اسد اور اس زنجیری احتجاج کے کنوینر نے کہا کہ اس احتجاج کو  کل سے ضلع بھر کے اسکول کے میناریٹی طلبہ کے ساتھ ملکر جاری رکھا جائیگا جس کے بعد جونیر کالج، ڈگری کالج، اور پروفیشنل میناریٹی طلبہ کے ساتھ ملکر اس زنجیری احتجاج کو جاری رکھا جائیگا جس کے لئے تیاریاں جا رہی ہیں ، اس موقع پر آواز کمیٹی کی جانب سے محمد عبدالقیوم ، بابو میاں ، غوث پاشاہ اور خواتین نے اس میں شر کت کر تے ہوئے اپنی تائید کا اظہار کیا اور کہا کہ اس احتجاج میں حصہ لیںگے۔
ناگر کرنول …مسلم حقوق سادھنا سمیتی کے قیا م کے تین سال کے مکمل ہونے کے خوشی و مسرت کے موقع پر مقامی دفتر میںمنعقدہ اجلاس میں سمیتی کے بانی وصدر نے خطاب کرتے ہوئے انتخابات سے قبل کئے گئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے فوری مسلمانوں کو12 فیصد تحفظات فراہم کرنے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھرراوٓ سے پر زور مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کے 18ماہ کی تکمیل کے باوجود مسلم تحفظات کی فراہمی کے معاملے میں تساہلی برتنا انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 25 ہزار ملازمتیں فراہم کئے جارہے ہیں لیکن تحفظات کے بغیر کئی مسلمانوں کو  ملازمتوں سے محروم ہونا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا مسلم تحفظات کے لئے سدھیر کمیشن کا قیام صرف وقت گذاری کے علاوہ فائدہ مند ثابت نہیں ہورہا ہے۔اس موقع پر ایم ایچ ایس ایس کے قائدین و دیگر نے حصہ لیا۔

نظام آباد …12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی جانب سے پوسٹ کارڈتقسیم مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ تحفظات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کنونیر ماجد خان، میونسپل فلور لیڈر محمد عبدالقدوس، کانگریس قائدین محمد ذاکر، محمد ایوب، ایم اے جلیل نے نہروپارک، لطیف بازار و دیگرعلاقوں میں تاجرین سے ملاقات کی اور انہیں واقف کروایا کہ حکومت اقتدار میں آنے سے قبل مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 18ماہ کا وقفہ گذرنے کے باوجود بھی تحفظات فراہم نہیں کئے گئے اور اس خصوص میں ابھی تک اقدامات نہ کرنے پر روزنامہ سیاست کی جانب سے تحریک کا آغاز کیا گیا ہے کانگریس اس کا مکمل ساتھ دیتے ہوئے ضلع کانگریس کی جانب سے پوسٹ کارڈ مہم شروع کی گئی ہے۔ پوسٹ کارڈ پر اپنا نام و پتہ درج کرتے ہوئے چیف منسٹر کو روانہ کرنے کی تاجرین سے ایم اے قدوس اور ماجد خان نے خواہش کی۔ کانگریس کی جانب سے شروع کردہ مہم کو عوام کی زبردست تائید حاصل ہورہی ہے اور اپنا نام و پتہ درج کرکے پوسٹ کارڈ چیف منسٹر کو روانہ کیا جارہاہے۔

بھینسہ …  12فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائی جارہی تحریک کا اثر تلنگانہ بھر میں زبردست دیکھا جارہا ہے۔ اس تحریک میں تمام مسلم تنظیمیں اور مسلم قائدین کے علاوہ ریاست میں مسلم پسماندگی سے واقفیت رکھنے والے دیگر سیاسی قائدین بھی جڑ کر تلنگانہ حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے نمائندگیاں اور ہڑتال کررہے ہیں۔ اس طرح بھینسہ شہر کے مختلف سماجی، سیاسی اور مذہبی قائدین نے بھی ریاستی وزراء، تحصیلدار اور رکن اسمبلی کو روز نامہ سیاست کی تحریک میں شامل ہوکر نمائندگی پیش کئے۔ آج بھینسہ شہر میں ویلفیر پارٹی آف انڈیا یونٹ بھینسہ کی جانب سے دستخطی خطوط کی مہم کا آغاز عمل میں لایا گیا تاکہ وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کو خطوط روانہ کرتے ہوئے دباؤ بنایا جاسکے کہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات پر جلد سے جلد عمل کیا جائے۔ اس ضمن میں ویلفیر پاری مقامی قائدین سید آصف سابق ٹاؤن صدر، عبدالجبار بنارسی جنرل سکریٹری، عبدالرزاق، مرزا لیاس بیگ جوائنٹ سکریٹری، عبدالجاوید خازن، عبدالحاجی کے علاوہ نمائندہ سیاست بھینسہ اظہر احمد خان نے شہر کے مختلف علاقوں اور اسکولی طلباء و طالبات میں اس مہم سے متعلق شعور بیدار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ تلنگانہ کو 12فیصد تحفظات سے متعلق دستخطی خطوط کی روانگی کیلئے واقف کروایا اور ویلفیر پارٹی قائدین تمام شہر کے مسلم سیاسی، سماجی اور مذہبی دانشوروں سے خواہش کی ہے کہ اس تحریک میں شامل ہوکر قوم کے نونہالوں کے مستقبل کیلئے اس تحریک سے جڑ جائیں۔ اس موقع پر ویلفیر پارٹی مقامی قائدین سید آصف، عبدالجبار بنارسی ، عبدالرزاق، مرزا لیاس بیگ، عدالجاوید، اور عبدالحاجی نے مدیر اعلیٰ سیاست جناب زاہد علی خاں صاحب اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں صاحب کی خدمت خلق اور قوم و ملت کیلئے کی جانے والی فلاحی خدمات کی کافی ستائش کی۔ آخر میں  مقامی ویلفیر پارٹی قائدین نے شہر کی عوام سے اپیل کی ہے کہ اس دستخطی مہم میں حصہ لینے کیلئے شہر کے قلب میں مارکٹ ایریا میں موجود H.Kموبائیل و زیراکس سنٹر اور حاجی کرانہ پر ربط پیدا کرتے ہوئے خطوط پر اپنی تفصیلات و دستخط درج کروائیں جس سے تلنگانہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر دباؤ بنایا جاسکے کہ وہ انتخابی منشور پر عمل کریں۔

آرمور …آرمور صدر انجمن تنظیم المسلمین مرکزی کمیٹی نے محمد فصیح الدین نمائندہ سیاست آرمور سید ظفر علی کو بتایا  ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے تحفظات کے وعدہ سے کنارہ کشی اختیار کررہی ہے۔ کے سی آر نے انتخابی منشور میں مسلم مائنارییز کو 12فیصد تحفظات دینے کا اعلان کیا حالانکہ اسوقت کسی نے تحفظات کا مطالبہ نہیں کیا تھا، انتخابی منشور میں بغیر کسی مطالبہ کے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا اعلان کیا گیاکہ اقتدار پر آنے کے بعد سدھیر کمیٹی کی آڑ میں وقت ضائع کررہی ہے ہونا یہ تھا کہ اس تحفظات کے مسئلہ کو بی سی کمیشن سے رجوع کیا جائے تاکہ بلاکسی مشکلات کے تحفظات کا مسئلہ حل ہو۔