جئے پور 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مجوزہ ڈومیسٹک سیزن میں راجستھانی کرکٹرس کی شمولیت کے تعلق سے غیر یقینی کیفیت کے دوران ریاستی رانجی ٹیم کے کپتان پنکج سنگھ نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک سیزن میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے قومی ٹیم میں واپسی کے تعلق سے پر عزم ہیں۔ باوقار متھورا داس ماتھر کرکٹ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے پنکج سنگھ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس مسئلہ کو بی سی سی آئی ۔ راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے حل کرلیا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں عدالتوں میں مقدمات درج ہیں۔ پنکج سنگھ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ ڈومیسٹک سیزن میں اچھا مظاہرہ کرینگے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں ایک بار پھر قومی ٹیم میں جگہ پانے کا موقع مل سکتا ہے ۔ وہ فٹ ہیں اور اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ بی سی سی آئی کی جانب سے راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن میں اڈھاک کمیٹی بنائی گئی ہے ۔ ریاست میں کرکٹ اسوسی ایشن دو گروپس میں منقسم ہو کر رہ گئی ہے اور تقریبا تمام سرگرمیاں ٹھپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے اس مسئلہ کا کوئی نہ کوئی حل دریافت کرلیا جائیگا جس طرح کا گذشتہ سال کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ حالات کو بہتر بنانے کیلئے وقت نکلتا جا رہا ہے تاہم جلدی ہی ایسا کیا جاسکتا ہے ۔