قومی دن کے موقع پر ویٹنام کو صدرجمہوریہ کی مبارکباد

نئی دہلی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویٹنام کو ایک بااعتماد دوست قرار دیتے ہوئے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ویٹنام کے عوام اور حکومت کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ سوشلسٹ جمہوریہ ویٹنام کے صدر ترونگ تان سانگ کے نام اپنے پیغام مبارکباد میں پرنب مکرجی نے کہا کہ ہندوستان اور ویٹنام قریبی تعلقات کی دیرینہ روایت رکھتے ہیں۔ ہندوستان، ویٹنام کی دوستی کی بہت زیادہ قدر کرتا ہے اور ویٹنام کو اپنا بااعتماد دوست تصور کرتا ہے۔ صدر جمہوریہ ہند 14 تا 17 ستمبر ویٹنام کا دورہ کرنے والے ہیں، انہیں پورے احترام کے ساتھ ویٹنام نے اس دورہ کیلئے مدعو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں ویٹنام کا دورہ کریں گے۔ اس سے دونوں ممالک کی شراکت داری اور باہمی اعتماد اور تعاون مستحکم ہوں گے۔