قمار بازی کے اڈے بے نقاب، 22 افراد گرفتار

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین مقامات پر پولیس نے دھاوے کرتے ہوئے 22 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پہلی کارروائی میں ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے علاقہ چکڑ پلی کے اے پی ہاؤزنگ بورڈ باغ لنگم پلی علاقہ میں واقع ایک فلیٹ پر دھاوا کیا اور یہاں سے 6 افراد بشمول قمار بازی کا اڈہ چلانے والی معمر خاتون انوسویا کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ انوسویا سابق میں اپنے ساتھی بی سریش بابو کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں میں قمار بازی کے اڈے چلایا کرتی تھی۔ اس نے چکڑپلی میں ایک فلیٹ کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے قمار بازی کا اڈہ چلارہی تھی۔ پولیس نے اس کارروائی میں 6 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 14 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلی۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے علاقہ ٹپہ چبوترہ میں واقع ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے قمار بازی میں ملوث ہونے والے 11 افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 49 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلی۔ اسی طرح پولیس میرچوک نے دیوان دیوڑھی علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے بہار سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس میرچوک نے اس کارروائی کے دوران تین ہزار نقد رقم ، چار موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔