ریاض ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ شیعہ اکثریتی مشرقی ضلع قطیف پر ایک راکٹ حملہ میں ایک پولیس ملازم ہلاک اور دیگر چھ زخمی ہوگئے ۔ اس علاقہ میں 2011 ء سے گڑبڑ و بے چینی جاری ہے جہاں شیعہ عوام نے مساویانہ سلوک کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج شروع کیا تھا ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ایس پی اے سے جاری بیان میں وزارت داخلہ نے کہا کہ قطیف کے نواحی علاقہ المنصورہ میں پولیس پ ٹرول کو ایک راکٹ حملہ کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ چھ زخمی پولیس افسران کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم ہے ۔ قطیف میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران سیکو ریٹی فورسس پر سلسلہ وار حملے ہوتے رہے ہیں۔ سعودی عرب کی اکثر شیعہ برادری تیل کی دولت سے مالا مال مشرقی علاقوں میں آباد ہے جہاں انہیں طویل عرصہ سے نظر انداز کئے جانے کی شکایت ہے۔