قطر کے طیاروں کیلئے ہنگامی راستہ کی فراہمی

سعودی عرب اور حلیف ممالک کا دعویٰ، دوحہ کی تردید
دبئی ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قطر سے سفارتی و ٹرانسپورٹ تعلقات منقطع کرنے والے چار عرب ممالک نے آج کہا کہ انہوں نے اپنے چند فضائی حدود کھول دیا ہے جنہیں کسی ہنگامی صورت میں قطری طیارے استعمال کرسکتے ہیں۔ متحدہ عرب کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ادارہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی (آئی سی اے او) کے رابطہ سے 9 راہداریاں کھولی جارہی ہیں۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارہ نے بھی ایسا ہی بیان جاری کیاہے ۔ تاہم قطر نے کسی نئے فضائی راستہ کی دستیابی کی تردید کی ہے ۔ قطر کی وزارت ٹرانسپورٹ و مواصلات اور شہری ہوابازی اتھاریٹی کے حوالہ سے قطر نے کہا ہے کہ نئی راہداریوں کی نشاندہی سے متعلق کسی اعلان کی اجرائی عمل میں نہیں آئی ہے ۔ قطر کی وزارت اور شہری ہوا بازی اتھاریٹی نے الزام عائد کیا کہ مخالف قطر بلاک آئی سی اے او کے آج مقررہ اجلاس سے قبل غلط خبر کے افشاء کی کوشش کر رہا ہے ۔ تاہم آئی سی اے او نے اس نئی تبدیلی کے ضمن میں تبصرہ کی درخواست پر فوری ردعمل نہیں کیا ۔ امارت کی وزارت خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے زیر انتظام سمندر پار علاقوں کے علاوہ مصر کے زیر انتظام ہنگامی فضائی راستے کھول دیئے گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات ، مصر ، سعودی عرب اور بحرین نے قطر پر انتہا پسندی کی تائید کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے ملک سے جون کے او ائل میں اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلئے تھے۔ تا ہم قطر اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے ۔ اس اقدام نے اس علاقہ کی ایک بڑے ایرلائنس ادارہ قطر ایرویز کو اپنے کئی طیاروں کی پروازوں کا رخ بدلنا پڑا تھا ۔ علاوہ ازیں دبئی اور چند دیگر علاقائی پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔