قطر کی فٹبال میزبانی کو فیفا کی کلین چٹ

پیرس 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے آج 2018 ء اور 2022 ء ورلڈکپ ٹورنمنٹ کے میزبان ممالک قطر اور روس کو کلین چٹ دے دی ہے۔ فیفا کی کمیٹی نے کہا ہے کہ مذکورہ ممالک کی میزبانی کے حقوق کے حصول میں بدعنوانی کے کوئی شواہد نہیں لہذا اِن کی میزبانی کے لئے دوبارہ رائے دہی کرانا انصاف کے تقاضے نہیں ہیں۔ ہنس جیکہم ایکرڈ جوکہ کمیٹی کے چیرمین ہیں انھوں نے یہاں چیمبر میں اجلاس کے بعد 42 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2018 ء اور 2022 ء ورلڈکپ کی بولی اور میزبانی کے حقوق کی تحقیقات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دریں اثناء روس کے وزیر اسپورٹس ویتالی موتکو جوکہ فیفا کمیٹی کے ایگزیکٹیو بھی ہیں، انھوں نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اِس بات کا یقین تھا کہ رپورٹ اِسی طرح کی آئے گی کیونکہ ہماری بولی کی مہم دیانتداری پر مبنی ہے۔ علاوہ ازیں فیفا کی کمیٹی نے جو تحقیق کے بعد رپورٹ دی ہے، اِس میں فیفا کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن قطر کے محمد بن حمام کو بھی کلین چٹ دی ہے جن پر 2012 ء میں پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہاں یہ تذکرہ بھی ہے اہم ہے کہ برطانوی روزنامہ سنڈے ٹائمس نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ حمام نے فیفا کے عہدیداروں کو 5 ملین ڈالرس دیئے تھے تاکہ وہ قطر کی حمایت کریں۔ دریں اثناء قطری عوام نے فیفا کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔