ساؤپاؤلو۔ 10؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے فٹبال کی گورننگ باڈی کے اجلاس سے قبل جوابی تنقید کرتے ہوئے قطر کی 2022ء ورلڈ کپ میزبانی کے حصول میں بدعنوانیوں کے الزامات کو نسلی تعصب کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ قطر پر الزام ہے کہ اس نے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے حصول کے لئے ووٹ خریدے ہیں۔ اس بدعنوانی کے اسکینڈل کی وجہ سے یہ خدشات بھی بڑھ چکے تھے کہ برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے ضمن میں ساؤپاؤلو میں منعقد شدنی افتتاحی تقریب متاثر ہوگی۔ فیفا کو شدید دباؤ کا سامنا ہے، کیونکہ اس کے 6 بڑے اسپانسرس میں 5 اسپانسرس نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانی میڈیا کی جانب سے جو الزامات عائد کئے جارہے ہیں، اس کی تحقیقات کروائی جائیں۔ اس موقع پر بلاٹر نے جوابی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز اور نسل تعصب کی وجہ سے ایسے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔