دوحہ۔5فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) قطر ورلڈ کپ 2022ء کے انعقاد میں ہنوز کئی برس باقی ہے لیکن یکے بعد دیگرے کئی تنازعات کو اس سے جوڑا جارہا ہے تاہم اس کے باوجود عرب فٹبال دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی اہم لیجنڈ کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ ساری عرب دنیا ورلڈ کے انعقاد میں قطر کے ساتھ ہے‘ کیونکہ ورلڈ کپ کا انعقاد عرب دنیا کیلئے اہمیت کا حامل ہے ۔ مصر کے سابق اسٹرائیکر اور تین مرتبہ کے فیفا ورلڈ کپ فٹبال کھلاڑی احمدحسام میڈو نے کہا ہے کہ قطر میں ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے اسے ساری عرب دنیا کی حمایت حاصل ہے ۔ فرانس میں 1998ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں مراقش کی نمائندگی کرنے والے ایک اور سابق کھلاڑی چیپونے بھی قطر کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے بعد بہترین ٹکنالوجی دستیاب ہے جو ورلڈ کے انعقاد کو کامیاب بناسکتی ہے ۔ تنوشیا کھلاڑی تریبلسی جو کہ ورلڈ کپ 98‘ 2002 اور 2006ء میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ قطر مختلف زاویوں سے ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی کی اہلیت رکھتا ہے ۔