قطر میں عید الاضحی کی رنگارنگ تقاریب

دوحہ۔ 5؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہزاروں مسلمان آج ملک کی 300 مساجد اور عیدگاہوں میں علی الصبح 5:42 بجے نماز عید الاضحی ادا کرنے کے لئے جمع ہوئے۔ مضافات میں واقع تاریخی عیدگاہ مشیریب میں جو عوام کے لئے کئی سال بعد کھولی گئی تھی سینکڑوں لوگ بشمول تارکین وطن نماز عید کی ادائیگی کے لئے جمع تھے۔ پورے قطر میں جوش و مسرت کا ماحول نظر آرہا تھا۔ لوگ عید کا پہلا دن رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ منانے کے لئے مشہور مقامات پر جمع تھے۔ تجارتی اداروں میں رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جارہے تھے۔ جن کا اہتمام قطر ٹورازم اتھاریٹی، سٹی سنٹر دوحہ، لگونا، حیات پلازا، لینڈ مارک، مال اور الخور مال نے کیا تھا۔ انہوں نے پہلی بار قطر کے لئے رنگارنگ پروگرام اور سرگرمیاں پیش کیں جن میں دورا کے بیلے اڈونچرس، چہروں کی پینٹنگ، فری اسٹائل فٹبال، روایتی عربی رقص، فرٹر کا شو وغیرہ شامل تھے۔ سینکڑوں عوام بگ بینگ شو دیکھنے کے لئے کٹارا جارہے تھے۔ یہ 15 منٹ کی آتش بازی کا مظاہرہ تھا۔ عید الفطر پر بھی یہ شو پیش کیا گیا تھا لیکن کئی لوگ اسے نہیں دیکھ سکے تھے اس لئے آج عوام کی کثیر تعداد آتش بازی دیکھنے کے لئے جارہے تھے۔ ویسٹرن پارک اور اسپورٹس کلب میں ہزاروں لوگ عید الاضحی کا تہذیبی اور تفریحی پروگرام منانے کے لئے جمع تھے۔ تاہم راہ گیروں نے شکایت کی کہ عید کی تعطیلات کی وجہ سے ٹیکسی ڈرائیور مقررہ کرایہ سے زیادہ من مانی کرائے وصول کررہے تھے۔