قطر۔ تھائی لینڈ دورخی تعلقات کا مستقبل تابناک

دوحہ ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) قطر اور تھائی لینڈ کے درمیان دو رخی تعلقات کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جیسے تجارت، توانائی اور سیاحت، تھالی لینڈ کے سفیر متعینہ قطر ناتھاچول کھنتاہیرن نے یہ بات کہی۔ جمعرات کے روزقطر کے قومی دن تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور قطر کے درمیان باہمی تعلقات عروج پر ہیں اور دونوں ہی ممالک اس سے استفادہ کررہے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جاریہ سال کے پہلے نو ماہ کے دوران تجارت کا تناسب گزشتہ سال کے مکمل سال کے دوران سے بڑھ کر ہے۔ جہاں تک معاشیات کا تعلق ہے قطر میں جاری بحران سے تھائی لینڈ پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے اور وہ قطر کے ساتھ بدستور مستحکم تعلقات بنائے رکھنے کا خواہاں ہے۔ 2017 میں دونوں ممالک کے درمیان 2.82 ارب ڈالرس کی تجارت ہوئی جبکہ جاریہ سال کے نو ماہ میں تجارت کا تناسب 2.94 ارب ڈالرس ہوگیا ہے جو یقینا ایک اچھی علامت ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کو ایل این جی سربراہ کرنے میں قطر ہنوز سب سے بڑا ملک ہے۔ لہذا مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا مستقبل بے حد روشن ہے۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ قطر ایئرویز نے اپنی خدمات کو تھائی لینڈ کے دیگر شہروں تک توسیع دی ہے۔ ہر سال قطر کے زائد از 30,000 سیاحوں کا تھالی لینڈ میں خیرمقدم کیا جاتا ہے جہاں وہ تعطیلات گذارنے اور اپنا علاج کروانے آتے ہیں۔