قطری مسلمانوں کو حج و عمرے سے روکنے پر سخت ردعمل

دوحہ ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) قطری انسانی حقوق کی قومی کمیٹی کے صدر علی بن سماکہ الامیری نے کہا ہے کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے قطر کا اقتصادی محاصرہ کرنے کے قطری حکومت پر ’صفر‘ اثرات کے باوجود قطری عوام کو حج و عمرہ جیسی بنیادی عبادت کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ الامیری نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، بحرین اور مصر کی حکومتوں کی جانب سے 5 جون 2017ء کو ان کے ملک کے ساتھ تمام تر سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے ایک سال پر محیط مدت میں اس اقدام کے اثرات پر اپنا جائزہ پیش کیا ہے۔ الامیری نے کہا کہ معاشی محاصرے کے بعد ایک سال کا عرصہ بیت چکا ہے، اس عمل کے قطری حکومت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے ہیں نہ ملک کو اقتصادی طور پر کوئی نقصان پہنچا ہے۔ البتہ عوام کو انسانی حقوق اور عبادت کے بنیادی حقوق کو پورا کرنے سے روکا گیا ہے۔ ’’قطری مسلمانوں کو حج و عمرے کی ادائیگی کی اجازت دینے کیلئے ہم نے اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کے خصوصی نمائندوں کو درخواست دی ہے۔‘‘