قطری بحران ختم کرنے عرب ممالک کے 13مطالبات

دبئی، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گردی کی حمایت کرنے اور ایران کے ساتھ ساز باز کرکے عرب خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے الزام کے تحت قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ممالک نے امیر قطر کو 13 مطالبات بھیجے ہیں ،جن میں قطر کے سرکاری ٹیلیویژن الجزیرہ کو بند کرنے اور ایران کے ساتھ تعلقات میں کمی لانے کے مطالبات شامل ہیں۔ یہ اطلاع بائیکاٹ کرنے والے ممالک میں سے ایک کے اعلی اہلکار نے دی ہے ۔ سعودی عرب ، امارات، مصر اور بحرین کی طرف سے تیار کی گئی مطالبات کی فہرست میں قطر سے ملک میں واقع ترک فوجی اڈے کو بھی بند کرنے اور اپنی سرزمین پر موجودہ تمام مطلوبہ دہشت گردوں کو متعلقہ ممالک کے حوالے کرنے کے مطالبے بھی شامل ہیں۔ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے ممالک نے ان مطالبات پر عمل آوری کے لئے قطر کو 10 دنوں کا وقت دیا ہے ۔ مطالبات کی یہ فہرست اس بحران میں ثالثی کرنے والے کویت کے ذریعہ بھیجا گیا ہے ۔ تاہم، قطر کی طرف سے فوری طورپر ان مطالبات پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔ لیکن دو روز قبل قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے واضح کردیا تھا کہ جب تک بائیکاٹ ختم نہیں کیاجاتا ہے ، کسی مسئلے پر بات چیت نہیں ہوگی۔