انجمن کاروان حسان کا تہنیتی جلسہ ، مولانا سید نذیر الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : مدینہ منورہ میں سلسلہ عالیہ قادریہ کے روحانی رہنما الشیخ حضرت سید نذیر الدین عزاء الدین محمد حسن مدنی الجیلانی القادری نے کہا کہ نعت شریف کا لکھنا پڑھنا اور سننا حب نبویﷺ کا ثبوت ہے ۔ اور تقریبا 34 سے زائد صحابہ کرامؓ بشمول حضرت سیدنا ابوبکر صدیق و حضرت حسان بن ثابت ؓ نے حضور اکرم ﷺ کے سامنے منبر پر بیٹھ کر نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی اور ایک مومن قصیدہ بردہ و نعت شریف کے ورد کے ذریعہ قرب نبویؐ کے ذریعہ اپنی دنیا و آخرت کو روشن کرسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت فضیلت الشیخ نے انجمن کاروان حسان کے زیر اہتمام ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے حظاب کرتے ہوئے کیا ۔ حضرت نے امت مسلمہ کو ہدایت کی وہ عشق رسول کی شمع کو اپنے قلوب میں منور کرنے کے لیے ہر وقت درود و سلام و نعت کو زندگی کا لازمی حصہ بنالیں تاکہ یوم محشر شفاعت رسولؐ نصیب ہوسکے ۔ حضرت نے کہا کہ فرائض اسلام صلواۃ ، صوم ، زکواۃ اور حج کے فرائض کی ادائیگی کے بعد سب سے زیادہ اہم حقوق العباد ہیں ۔ حضرت نے حیدرآباد دکن کو اولیاء کا مسکن قرار دیا۔ جنہوں نے دکن کو کئی فتنوں سے محفوظ رکھا ہے ۔ بانی مکتبہ اہلسنت و جماعت شیخ عبید بن عثمان العمودی نے انجمن کاروان حسان کی قصیدہ بردہ و نعت شریف کے فروغ ، تربیت ترویج اور اشاعت کی خدمات سے واقف کروایا ۔ اکبر بن محمد بامعش قادری ، ڈاکٹر محمد عبدالحق کلیم چشتی صدر خواجہ غریب نواز کمیٹی ، عبدالرحیم بن عیفان نائب صدر جماعت نور محمدی بارکس ، اور حبیب علی الجیلانی نے بھی مخاطب کیا ۔ محمد مبشر نے نعت شریف سناتے ہوئے سماع باندھ دیا ۔ شیخ رافع بن عبید العمودی نے آخر میں شکریہ ادا کیا ۔۔