جدہ ۔ 21 ۔ جون (ایجنسیز) قرآن مجید کی تلاوت کی برکت سے ایک کمسن لڑکی عصمت ریزی کا شکار ہونے سے بچ گئی۔ یہ حیرت انگیز واقعہ جدہ میں پیش آیا۔ المدینہ اخبار کے مطابق دس سالہ لڑکی نے جس کی شناخت مخفی رکھی گئی ہی‘ بتایا کہ وہ شخص جب بھی اس کے قریب آتا وہ قرآن کی آیات تلاوت کرتی اور وہ برہمی کے عالم میں واپس ہوجاتا۔ یہ سلسلہ صبح تک جاری رہا اور وہ قرآن مجید کی برکت سے اپنی عصمت کی حفاظت کرپائی۔ یہ لڑکی شادی کی تقریب میں شریک تھی کہ کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا ۔ اس نے مہمان سمجھ کر جب دروازہ کھولا تو ایک شخص نے بتایا کہ وہ دلہن کیلئے تحفہ لایا ہے اور باہر ٹھہری کار سے اسے لانے کیلئے مدد کی درخواست کی‘ جب یہ لڑکی وہاں پہنچی تو اس نے زبردستی اسے کار میں بٹھا لیا اور گھر لے گیا‘ وہاں اس نے بتایا کہ اس کے والد سے وہ بخوبی واقف ہے اور اسے فکر کرنے کی ضرورت نہیں لیکن کچھ دیر بعد وہ اس کے قریب آنے کی کوشش کر رہا تھا ‘ جس کے ساتھ ہی اس لڑکی نے قرآن مجید کی آیات کی تلاوت شروع کردیں۔ اس پر وہ برہم ہوگیا اور ایک مرتبہ حملہ کرنے کی بھی کوشش کی۔ آخرکار صبح 8.00 بجے تک وہ ٹی وی دیکھتا رہا اور کہا کہ وہ اسے واپس گھر بھیجنا چاہتا ہی۔ اس نے حیرت انگیز طور پر لڑکی کو اپنی کار میں بٹھالیا اور ایک ٹیکسی روک کر ڈرائیور کے موبائیل فون سے لڑکی کے والد سے ربط قائم کیا۔ اس نے کسی مقام پر ملاقات کی خواہش کی اور وہاں پہنچنے کے بعد لڑکی کو والد کے حوالہ کردیا۔ پولیس نے ایک اسکول ٹیچر کو 2008 ء سے سلسلہ وار عصمت ریزی کے واقعات کے سلسلہ میں گرفتار کیا ہی۔