قرآن مجید تمام انسانوں کے لیے ایک جامع و مکمل ہدایت نامہ

ایم جی اے کا درس قرآن ، ڈاکٹر اسماء زہرا و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( راست ) : قرآن کریم تمام انسانوں کے لیے ہدایت نامہ ہے ۔ انسان اگر فکری و عملی گمراہی سے چھٹکارا پانا چاہتا ہے تو وہ قرآن کریم کی تعلیمات کو اپنالے ۔ کیوں کہ قرآن کریم کی تعلیمات سے وہ ایک صحت مند ، ایمانی زندگی بسر کرنے کے قابل بنتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ عائشہ مستور کارکن مسلم گرلز اسوسی ایشن نے اسکولس و کالجس کی طالبات کو مسلم گرلز اسوسی ایشن کے ایسٹ زون کے خصوصی درس قرآن میں عثمانیہ گارڈن فنکشن ہال میں مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کو بنیادی طور پر ہم چار عنوانوں پر تقسیم کرسکتے ہیں ۔ عقائد ، عبادات ، معاملات ، حسن معاشرہ ۔ زندگی اصولی طور پر انہی چار عنوانوں کے گرد گھومتی ہے ۔ عقائد ، انسان کے تمام اعمال و افعال اور حرکات کا محور ہیں ۔ عقائد ہی سے انسان کے اعمال سدھرتے ہیں اور عقائد ہی سے بگڑتے ہیں ۔ ہمارے نبی کریم ﷺ نے توحید ، رسالت اور آخرت کے ساتھ ساتھ علم و عمل ، تصور و فعل کے چند سیدھے سادے اصول جو تمام ذہنی سچائیوں اور واقعی حقیقتوں کا جوہر اور خلاصہ بتلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے انسان کی تخلیق کا مقصد عبادت بتلایا ہے ۔ فرائض کی پابندی اور اس کی ادائیگی میں خشوع و خضوع کو لازمی قرار دیا ہے ۔ ڈاکٹر اسماء زہرا رکن عاملہ مسلم پرسنل لا بورڈ نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم ایک جامع و مکمل کتاب ہے ۔ اللہ تعالی نے قرآن کریم کو ھدی للناس کہا ہے ۔ یعنی تمام انسانوں کے لیے یہ ہدایت نامہ ہے ۔ جو بندہ گمراہی و جہالت سے اپنے آپ کو نکالنا چاہتا ہے اس کے لیے یہ کتاب مبین ایک نصیحت و تذکیر ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو نازل کر کے انسانیت کی تاریخ بدل ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ہر نسل کو غور و فکر کی تعلیم دیتا ہے ۔ عبادات ، معاملات و معاشرت اور احکامات کے متعلق عمل کی ترغیب دیتا ہے ۔ بندہ مومن جب تک اپنی انفرادی و عائلی اور اجتماعی زندگی کو قرآن کے مطابق نہیں ڈھالیں گے ۔ اس وقت تک وہ قرآن کا حق ادا نہیں کرسکیں گے ۔ قرآن کا یہ اعجاز ہے کہ یہ علم حق ، قانون الہیٰ ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مسلمان قرآنی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی کو گذارنے کا عزم و ارادہ کریں ۔ محترمہ زارا خاں رکن مسلم گرلز اسوسی ایشن ، محترمہ تسنیم فاطمہ کارکن مسلم گرلز اسوسی ایشن نے طالبات کو مخاطب کیا ۔ اس کے علاوہ محترمہ مریم عبدالسلام نے قرات کلام اور محترمہ بشریٰ ندیم نے درس قرآن پیش کیا ۔۔