قتل کیس کا معمہ حل 4 فراد گرفتار

حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون ٹیم اور کالا پتھر پولیس کی مشترکہ کارروائی میں قتل کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ کرناٹک کے ضلع بیدر سے تعلق رکھنے والے مرحوم ایم اے رزاق کی دو بیویوں اور بچوں کے درمیان اراضی کا تنازعہ چل رہا ہے ۔ اس تنازعہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بیدر کے ایک مقامی لیڈر سلیم چودھری نے پانچ ایکر 34 گنٹے اراضی مرحوم کی بیوی زرینہ بیگم سے حاصل کر کے اسے عبدالحق جو قریبی رشتہ دار بتایا گیا ہے کے نام کردی لیکن سلیم چودھری رقم کی ادائیگی سے قاصر رہا اور اگست 2014 کی مدت تک رقم ادا نہ کرنے پر محمد قدوس نے سلیم چودھری سے انتقام لینے کا فیصلہ کیا ۔ قدوس پانچ ماہ قبل 26 سالہ کمپیوٹر آپریٹر نعمت اور شاکر کے ہمراہ حیدرآباد پہنچ کر نعمت کے قریبی رشتہ دار شیخ فرید سے رابطہ قائم کیا جس نے کالا پتھر سے تعلق رکھنے والے عبدالکریم عرف ڈان جو دو قتل اور 40 سے زائد رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے کی مدد سے سلیم چودھری اور فاروق کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ قدوس نے نعمت ‘فرید ‘کریم ڈان ‘ عامر خان اور شاکر کو سلیم چودھری اور فاروق کو قتل کرنے کی غرض سے انہیں 10 لاکھ روپئے بھی ادا کئے ۔ کریم نے قتل کیلئے دو خنجر خرید کر اپنے قبضہ میں رکھا اور منصوبہ کو عملی جامع پہنانے کے منتظر تھے کہ ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس نے ان کے قبضہ سے دو خنجر ‘چار موبائیل فون اور 2.5 لاکھ روپئے نقد رقم برآمد کرلی۔