حیدرآباد /20 اگست ( سیاست نیوز ) ٹپہ چبوترا پولیس علاقہ میں بدامنی پھیلانے اور ایک دوسرے کے قتل کا منصوبہ تیار کرنے والے دو روڈی شیٹرس کو گرفتار کرلیا ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز لنگر حوض سے وابستہ روڈی شیٹر نبی اور ٹپہ چبوترا پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر سلطان نے ایک دوسرے کے قتل کی سازش تیار کی تھی ان دونوں کے درمیان آپسی خصومت اور پرانی دشمنی پائی جاتی ہے ۔ یہ بات انسپکٹر ٹپہ چبوترہ مسٹر رویندر نے بتائی ۔ دونوں گذشتہ روز ٹپہ چبوترہ علاقہ میں واقع پاکیزہ ہوٹل کے قریب جمع ہوگئے اور انہوں نے منصوبہ بند طریقہ سے ایک دوسرے کے قتل کی سازش کو تیار کرلیا تھا ۔ تاہم پولیس کی بروقت چوکسی اور اقدامات کے سبب منصوبہ ناکام ہوگیا اور دونوں روڈی شیٹرس نے فراری اختیار کرلی تھی تاہم ٹپہ چبوترا پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا اور انہیں جیل منتقل کردیا ۔ انسپکٹر ٹپہ چبوترہ مسٹر رویندر نے روڈی شیٹرس اور غیر سماجی عناصر کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ہے ۔
سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک
حیدرآباد /20 اگست ( سیاست نیوز ) ابراہیم پٹنم اور کوکٹ پلی کے علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو افراد فوت ہوگئے ۔ ابراہیم پٹنم پولیس کے مطابق 30 سالہ جے پروتالو جو محبوب نگر کے متوطن تھا ۔ پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ وہ 17 اگست کے دن اپنی لاری لیکر ابراہیم پٹنم سے حیدرآباد آرہا تھا کہ اس نے راستے میں لاری روک دی اور سڑک عبور کر رہا تھا کہ نامعلوم لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 40 سالہ ستیش بابو جو پیشہ سے ویلڈر تھا سری نگر کالونی میں رہتا تھا ۔ کل رات وہ علاقہ میں واقع فرنیچر کی دوکان کے قریب سڑک عبور کر رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ستیش بابو برسر موقع ہلاک ہوگیا پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔