قاہرہ کے میٹرو اسٹیشنوں پر 4 بم دھماکے 4 افراد زخمی

قاہرہ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) چار بم دھماکے چند منٹوں کے وقفے سے قاہرہ کے تین میٹرو اسٹیشنوں پر صبح کے وقت صبح کے اسٹیشن پُرہجوم ہوتے ہیں، کئے گئے جن کی وجہ سے کم از کم 4 افراد زخمی ہوگئے۔ عسکریت پسندوں نے مصر میں اپنے حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ بیشتر حملے فوج پر کئے جاتے ہیں کیونکہ فوج نے اسلام پسند صدر مصر محمد مرسی کو جولائی 2013ء میں اقتدار سے بے دخل کردیا۔ علاوہ ازیں عہدیداروں نے ان کے حامیوں کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ ایک بم غمرہ اسٹیشن، ایک قاہرہ کے قلب میں اور دیگر دو شبرہ الخیمہ اور ہدایک الکوبہ کے علاقہ میں جو قاہرہ کے مضافات میں ہے، دھماکے سے پھٹ پڑے۔ یہ کم شدت کے بم تھے جو تیاری کے ابتدائی مرحلے میں تھے۔ دھماکوں سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ ایک ماہ قبل سابق سربراہ فوج عبدالفتاح السیسی جنہوں نے محمد مرسی کو اقتدار سے بے دخل کیا تھا، صدر مصر منتخب ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد تشدد کی وارداتیں شروع ہوگئیں جن کا نشانہ خاص طور پر صحرائے سینائی کے شمال کا علاقہ تھا، لیکن عسکریت پسندوں نے اب اپنی سرگرمیوں کو قاہرہ اور دریائے نیل کے ڈیلٹا تک توسیع دے دی ہے۔