نئی دہلی۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ابتداء میں اعزاز سے نوازے نہ جانے کے بعد قانونی راستہ اختیار کرنے والے ہندوستانی باکسر منوج کمار نے قانونی جنگ جیت لی ہے اور اب انہیں وزارتِ اسپورٹس نے بالآخر ارجن ایوارڈ کیلئے ان کی نامزدگی کو منظور کرلیا ہے۔ منوج نے 2010ء کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا ۔ منوج نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح وزارت ِ اسپورٹس کے فیصلہ سے انہیں آگاہ کیا گیا ہے۔ منوج کے بموجب ان کے بڑے بھائی راجیش نے گزشتہ شام ہی اس معاملے میں ہونے والی پیشرفت کے متعلق مطلع کیا تھا لیکن باضابطہ طور پر وزارت اسپورٹس کی جانب سے آج صبح انہیں خوشخبری سنائی گئی ۔ منوج کمار ان دنوں جنوبی کوریا میں ایشین گیمس میں ہندوستان کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں وہ گولڈ میڈل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ارجن ایوارڈ کیلئے جئے بھگوان کی متنازعہ نامزدگی کے بعد کمار نے اربابِ مجاز سے ملاقات کی تھی جس پر انہیں نامزدگی کی فہرست میں شامل کئے جانے کی طمانیت دی گئی تھی تاہم دوسری مرتبہ بھی جب ان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تو انہوں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔