قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا پہلی مرتبہ فائنل میں داخل

سینٹ پیٹرزبرگ۔5فروری (سیاست ڈاٹ کام) سینٹ پیٹرزبرگ لیڈیز ٹینس ٹرافی کیلئے فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ اور قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا کے درمیان خطابی مقابلہ ہوگا۔ سیکنڈ سیڈ سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا اور روس کی نٹالیا وخلیانٹسیوا کا سفر سیمی فائنلس میں ختم ہوگیا۔ روس میں جاری سینٹ پیٹرز برگ لیڈیز ٹینس ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ نے روسی حریف نٹالیا وخلیانٹسیوا کی پیش قدمی کا خاتمہ کردیا۔ تین سٹوں پر مشتمل اس دلچسپ مقابلے میں کرسٹینا ملاڈینووچ پہلا سٹ 6-4  سے ہار گئیں تاہم انہوں نے پلٹ کر وار کیا اور اگلے دونوں سٹس 6-2 ‘ 6-2  سے اپنے نام کرتے ہوئیفائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ نمبر دو سیڈ پلیئر سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا اور قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل بھی مسابقتی ثابت ہوا جہاں قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا نے کامیابی حاصل کرلی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ قازق پلیئر نے ٹاپ5  میں شامل کسی کھلاڑی کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا نے تین سٹس پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا کو 3-6،6-4 اور 6-4  سے مات دے کر پہلی مرتبہ ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔علاوہ ازیں تائیپے سٹی میں جاری تائیوان اوپن کی فائنل کے لئے صف بندی بھی مکمل ہو گئی جہاں ٹرافی کیلئے ٹاپ سیڈ پلیئر یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو چین کی شوائی پینگ کا چیلنج درپیش ہوگا۔ سیمی فائنلز یکطرفہ ثابت ہوئے اور پہلے سیمی فائنل میں نمبر ایک سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا نے لکسمبرگ کی مینڈی مینیلا کیخلاف 6-3  اور6-2  سے کامیابی سمیٹی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں چین کی شوائی پینگ نے چیک جمہوریہ کی لوسی سفاروا کو 6-4  اور 6-2  سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔