اقدام قتل اور جہیز ہراسانی کے بھی الزامات ، پولیس کو ملزمین کی تلاش
حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) مزید جہیز کیلئے خاتون اور اس کے بھائی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے شوہر اور اس کے رشتہ داروں کے خلاف نریڈمیٹ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ایف آئی آر کے بموجب /5 مئی کو قمرالنساء ساکن سوریہ نگر کالونی نریڈ میٹ نے مقامی پولیس میں ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر محمد یونس شادی کے تین ماہ بعد ہی انہیں ذہنی اور جسمانی اذیتیں دینے لگا اور /4 مئی کو انہیں طلاق دیتے ہوئے مکان سے باہر نکلنے کیلئے کہا ۔ اسی دوران قمرالنساء کو یونس اور اس کے رشتہ داروں نے مبینہ طور پر کمرے میں بند کردیا اور جسم پر کیروسین چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی لیکن وہ وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی ۔ بہن پر حملہ ہونے کی اطلاع ملنے پر بھائی عبدال وہاں پہونچنے پر اس پر بھی یونس اور اس کے رشتے داروں نے قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نریڈمیٹ پولیس نے اس سلسلے میں اقدام قتل اور انسداد جہیز ہراسانی سے متعلق یہ مقدمہ درج کرلیا اور ملزمین کی تلاش شروع کردی ۔