کانگریس کا مطالبہ : عوام نے کسی کو عہدہ نہیں دیا : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے لوک سبھا میں قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کرنے کی کوششیں آج شروع کردی ہیں حالانکہ وزیر پارلیمانی امور مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج ہی کہا تھا کہ ملک کے عوام نے کسی بھی جماعت کو اس عہدہ کیلئے ووٹ نہیں دیا ہے ۔ کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس مسئلہ پر فوری اور مناسب فیصلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ احساس ہے کہ یہ ایک اہم عہدہ ہے اور سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کو اس سے محروم نہیں کیا جانا چاہئے ۔ اس سوال پر کہ آیا ان کی پارٹی یو پی اے کی قیادت کرتے ہوئے اس عہدہ کا مطالبہ کریگی کیونکہ یہ اتحاد ما قبل اتحاد رہا ہے اور اس کو درکار نشستیں بھی حاصل ہوئی ہیں مسٹر شرما نے کہا کہ اس مسئلہ کو متنازعہ نہیں بنایا جانا چاہئے کیونکہ تمام حقائق عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مناسب فیصلہ کسی تاخیر کے بغیر کیا جانا چاہئے ۔ آنند شرما نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے آج ہی دن میں کہا تھا کہ ملک کے عوام نے قائد اپوزیشن کے عہدہ کیلئے کسی بھی پارٹی کو ووٹ نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے تاہم یہ بھی واضح کردیا تھا کہ یہ مسئلہ اب ہمیشہ کیلئے ختم نہیں ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی رائے کے جذبہ کو سمجھنے سے قاصر ہے ۔ کانگریس کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے ۔ عوام نے قائد اپوزیشن کے عہدہ کیلئے اسے ووٹ نہیں دیا ہے ۔