قائد اپوزیشن کا مسئلہ اسپیکر کی عدالت میں : جاؤدیکر

احمدآباد۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قائد اپوزیشن کا تقرر اسپیکر لوک سبھا کے اختیار میں ہے، حکومت کے اختیار میں نہیں۔ مرکزی وزیر پرکاش جاؤدیکر نے آج کہا کہ ہندوستان کے عوام نے کانگریس کو اتنی اکثریت عطا نہیں کی کہ وہ قائد اپوزیشن کے عہدہ پر اپنا دعویٰ پیش کرسکے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے پارلیمانی اُمور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے فرزند کی منگنی کی تقریب میں شرکت کیلئے احمدآباد کے دورہ پر تھے۔ وہ اطلاعات و نشریات کی وزارت کا آزادانہ چارج بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوردرشن اور آکاش وانی دونوں کو ہم عوام میں مقبول بنانا چاہتے ہیں۔ وہ مقامی عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے اُن کو ہدایت دے چکے ہیں کہ دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو پر پیش کئے جانے والے مواد کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کریں۔ اس کیلئے عوام سے مشورے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں جو دودرشن اور ریڈیو کے ناظرین اور سامعین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیبل ٹی وی چیانلس پر اور ڈی ٹی ایچ پلیٹ فارمس کی طرح ہم بھی میڈیم ویو فریکوینسی کو ایف ایم سے بدل دیں گے کیونکہ اکثر ریڈیو سیٹس ایف ایم کے سگنلس موصول کررہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تاخیر سے مانسون کے مسئلہ کا سامنا کرنے کے لئے حکومت تیار ہے، تاہم بارش نہ ہو تو مسائل کا سامنا کرنا ہوگا۔