ف12 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ

نظام آباد:3؍ مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مسلم اقلیت کو ریاست گیر سطح پر 12 فیصد تحفظات اور شادی مبارک اسکیم کے تحت درخواست گذاروں کو فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام منڈل واری سطح پر احتجاج منظم کیا جارہا ہے ۔ صدر ضلع اقلیتی ڈپارٹمنٹ سمیر احمد کی قیادت میں حلقہ اسمبلی نظام آباد رورل کے جکران پلی منڈل تحصیل آفس پردھرنا و احتجاج منظم کرتے ہوئے ٹی آرایس حکومت سے مسلم اقلیت کو 12 فیصد تحفظات پر فوری عمل آوری کا پرُ زور مطالبہ کیا گیا ۔ سمیر احمد کے مطابق چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے عنقریب ریاست بھر میں ایک لاکھ افراد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ریاستی حکومت مسلم اقلیت کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے میں تاخیر کرنے کی صورت میں سینکڑوں بلکہ ہزاروں مسلم نوجوان سرکاری ملازمت سے محروم ہونے کے خدشات ہیں۔ سمیر احمد کے مطابق چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے اپنے انتخابی منشور میں اقتدار پر فائز ہونے کے اندرون چار ماہ 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا لیکن 10 ماہ گذر جانے کے باوجود تحفظات پر عمل آوری کی سمت ایک بھی اقدام نہیں کیا گیا جس سے مسلم اقلیت میں تشویش بڑھتی جارہی ہے ۔ علاوہ ازیں جامعہ نظامیہ کے جلسہ عام میں چیف منسٹر نے اپنی تقریر میں مالی سال برائے 2014-15 کے شادی مبارک اسکیم فنڈ کو گرین چینل کے ذریعہ اجراء کرنے کا اعلان کیا تھا ضلع نظام آباد میں شادی مبارک اسکیم کے تحت 1634 درخواستوں کا نشانہ مقرر کیا گیا اور ابھی تک 430 درخواستوں کو منظوری دی گئی ہے لیکن فنڈ اجراء نہیں کیا جارہا ہے۔ کانگریسی قائد ین نے فوری طور پر فنڈ کی اجرائی کا پرُ زور مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد اکبر خان ضلع سکریٹری کانگریس، مصطفی الکاف اقلیتی جنرل سکریٹری، عمران بن محسن ضلع کنونیر، عبید حمدان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔