فیڈر ر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں داخل

ملبورن ۔ 26 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپیئن راجر فیڈرر نے اپنے 20و یں گرانڈ سلام خطاب کی سمت مزید ایک قدم آج اور آگے بڑھالیا ہے جیسا کہ سیمی فائنل مقابلے میں اُبھرتے نوجوان جنوبی کوریائی ٹینس اسٹار ہیون چونگ ناقص شروعات کے بعد دوسرے سیٹ میں پیر کی تکلیف کے بعد مقابلے سے دستبردار ہوگئے ۔ پیر میں چھالے کی تکلیف کی وجہ سے جس وقت چونگ سیمی فائنل مقابلے سے دستبردار ہوئے اُس وقت وہ 1-6، 2-5 کے ذریعہ تقریباً مقابلہ گنواچکے تھے ۔ بائیں پیر کا چھالہ ان کے لئے تکلیف دہ رہا اور دوسرے سیٹ میں 2-5 کے اسکور اور 30-30 کے گیم اسکور کے بعد انھوں نے نٹ کے قریب آکر فیڈرر سے مصافحہ کرتے ہوئے مقابلہ سے دستبرداری اختیار کی اور ان کا یہ فیصلہ شائقین کیلئے حیران کن تھا کیونکہ رواں ٹورنمنٹ میں اس سیمی فائنل مقابلے کو سب سے دلچسپ اور مسابقتی ہونے کی اُمید کی جارہی تھی۔کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ فائنل میں رسائی پر وہ خوش ہیں لیکن سیمی فائنل کا جس انداز میں اختتام ہوا وہ مایوس کن ہے ۔ فیڈرر نے مزید کہا کہ وہ ماضی میں چھالے کی تکلیف کے ساتھ مقابلے میں شرکت کرچکے ہیں اور انھیں تکلیف کا بخوبی اندازہ ہے۔ بہتر یہی ہے کہ تکلیف سنگین نوعیت کا زخم بن جائے اُس سے پہلے ہی بہتر فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ فیڈرر اب آسٹریلین اوپن کے ساتویں فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں اور انھیں صرف ایک مرتبہ 2009ء میں رفائل نڈال کے خلاف شکست ہوئی ہے جبکہ گزشتہ برس کھیلے گئے پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں فیڈرر نے نڈال کو شکست دی ہے ۔ نیز اس مرتبہ اتوار کوبیسویں گرانڈ سلام خطاب کیلئے ان کا سامنا چھٹویں درجہ کے کروشیائی کھلاڑی مارن سلیج سے ہوگا جنھیں فیڈرر نے ومبلڈن 2017 ء کے خطابی مقابلے میں شکست دی ہے اور حُسن اتفاق سے اُس موقع پر بھی حریف کھلاڑی پیر میں چھالے کی تکلیف سے مقابلے میں بہتر مظاہرہ نہ کرسکے تھے ۔ سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ چونگ کا سامنا کرنے کے بعد فیڈرر نے اس 21 سالہ کوریائی کھلاڑی کو مستقبل کا بڑا کھلاڑی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بہت جلد وہ ٹینس کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں اپنا مقام بنالیں گے ۔ واضح رہے آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں چونگ نے خطاب کے دعویدار نوجوان کھلاڑی جرمنی کے چوتھے درجہ کے کھلاڑی الیگزینڈر زیروف کو شکست دی جس کے بعد چوتھے راؤنڈ میں انھوں نے ٹورنمنٹ کا حیران کن نتیجہ دیتے ہوئے سابقہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کو راست سیٹوں میں شکست دی ہے ۔ دوسری جانب مایوس کن شکست کے بعد چونگ نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران میں نے انتہائی بہترین ٹینس کھیلی ہے ۔ پہلی مرتبہ قطعی 16 کھلاڑیوں کے مرحلے میں پھر کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ۔ اس دوران الیگزیندر اور جوکووچ کو شکست دی جبکہ راجر فیڈرر کا سامنا کرنا بھی ایک بہتر یادگار ہے ۔ فیڈرر نے اس مقابلے کا انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ آغاز کیا اور پہلے ہی سرویس میں چونگ کو ناکام کیا ۔ علاوہ ازیں چونگ کے طاقتور فورہینڈ کیخلاف انھوں نے ان کے بیک ہینڈ کو نشانہ بنایا۔