فیڈرر ہندوستان کے اپنے پہلے دورہ کیلئے پرعزم

نئی دہلی۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)راجر فیڈرر نے اپنے کٹر حریف رافل نڈال کے مقام پر ہندوستان کی افتتاحی انٹرنیشنل پریمیئر ٹینس لیگ (آئی پی ٹی ایل) میں شرکت کی توثیق کردی ہے۔ ٹورنمنٹ کے منتظمین نے کہا ہیکہ 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن رافل نڈال زخموں کی وجہ سے پریشان ہیں اور ان ہی زخموں کی وجہ سے انہوں نے آئی پی ٹی ایل میں شرکت سے معذرت خواہی کرلی ہے لیکن دوسری جانب 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن راجر فیڈرر نے ہندوستان کے اپنے پہلے سفر کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے تیار کئے گئے ٹورنمنٹ میں شرکت کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے اپنے ریکارڈ کردہ بیان میں فیڈرر نے کہا کہ وہ نئی دہلی کے پہلے سفر کیلئے کافی پرعزم ہیں اور مائیکر میکس انڈین ایسیس میں اپنا مظاہرہ دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ فیڈرر کی شمولیت کے بعد وہ امریکی عظیم کھلاڑی پیٹ سمپراس کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں 14 گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہیں۔ ہندوستان میں 4 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کے مقابلے 28 نومبر تا 13 ڈسمبر تک کھیلے جائیں گے۔ فلپائن، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات دیگر ٹیموں کے میزبان ممالک ہیں جو اپنی ٹیموں کے گروپ مرحلہ کے مقابلے منعقد کریں گے۔ تاہم آئی پی ایل کی طرز پر کھیلے جانے والے ٹینس ٹورنمنٹ میں انعامی رقم 29.7 ملین ہے۔ یاد رہے 28 سالہ نڈال کلائی کے زخم کی وجہ سے گذشتہ ماہ منعقدہ سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں بھی شرکت نہیں کر پائے اور اب وہ آئی پی ٹی ایل میں شرکت سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ دہلی میں آئی پی ٹی ایل کے دلچسپ مقابلوں کی امید کی جارہی ہے کیونکہ ان مقابلوں میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی نواک جوکووچ اور ان کی ہمعصر امریکی کھلاڑی سرینا ولیمس کے علاوہ ماریا شاراپوا، اینا ایوانووچ، کیرولین وزنیاکی کے علاوہ مرد زمرہ میں اینڈی مرے اور جوویلفریڈ سونگا ایکشن میں نظر آئیں گے۔ علاوہ ازیں اس لیگ میں ہر ٹیم کو اپنی حریف ٹیم کے خلاف مرد اور خاتون زمرہ کے سنگلس کے علاوہ مینس اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلے بھی کھیلنے ہیں جبکہ مرد زمرہ میں لیجنڈ سنگلس مقابلے ہوں گے اور یہ مقابلہ فی سیٹ پر مشتمل ہوگا۔