حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے اختتام پر منعقد ہونے والے باوقار ٹورنمنٹ ڈبلیو ٹی اے میں خاتون زمرہ کا ڈبلز خطاب حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اب انٹرنیشنل ٹینس پریمیئر لیگ (آئی پی ٹی ایل) کی تیاریوں میں مصروف ہوچکی ہیں اور ثانیہ مرزا اُس ٹیم کا حصہ ہیں جس کی قیادت گرانڈ سلام کے میدانوں میں ریکارڈ 17 خطابات اپنے نام کرچکے راجر فیڈرر کررہے ہیں۔ آبائی شہر حیدرآباد میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہاکہ یہ ٹینس کے علاوہ علاقہ کیلئے ایک عظیم اعزاز ہے کہ دنیا کے سب سے کامیاب ترین کھلاڑی راجر فیڈرر اِس ٹیم کا حصہ ہیں۔ آئی پی ٹی ایل میں 4 فرنچائز موجود ہیں جس میں ہندوستان بھی شامل ہے جبکہ یہ ٹورنمنٹ آئندہ ماہ شروع ہوگا۔ آئی پی ٹی ایل میں راجر فیڈرر کے علاوہ نواک جوکووچ، اینڈی مرے،
پیٹ سمپراس، ماریا شاراپوا اور اِس طرح دنیا کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ ثانیہ مرزا نے مزید کہاکہ رواں سیزن اِن کے لئے کافی کامیاب گزرا ہے جیسا کہ گزشتہ ہفتہ اُنھوں نے سنگاپور میں منعقدہ ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ کے ڈبلز کے خطابی مقابلہ میں زمبابوے کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک کے ہمراہ حریف جوڑی کو 6-1 ، 6-0 سے شکست دے کر باوقار خطاب حاصل کیا ہے۔ ثانیہ مرزا نے کہاکہ اِن کے لئے کرئیر شاندار سیزن سے گزر رہا ہے اور اب اِن کی کوشش ہوگی کہ وہ نمبر ایک مقام حاصل کریں جس کے لئے وہ کافی محنت کررہی ہیں۔ ثانیہ نے کہاکہ ہندوستان میں ٹینس اور خصوصاً مرد زمرہ میں باصلاحیت کھلاڑیوں کا عروج خوش آئند ہے لیکن ہندوستان کو عالمی سطح پر مسابقتی مقابلوں میں خود کو منوانے کیلئے ہنوز ایک طویل سفر کرنا باقی ہے۔