شنگھائی ۔10اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) گرانڈ سلام بادشاہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے ٹینس کے ’’بیڈ بوائے‘‘ کے طور پر بدنام آسٹریلیا کے نک کرگیوس کو شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ کے دوران چیئر امپائر کے ساتھ بحث کرنے پر کھیل کے اصولوں پر عمل کرنے کی نصیحت کی۔23 سالہ کرگیوس نے مرد سنگلز کے پہلے راؤنڈ میچ کے دوران چیئر امپائر سے بحث کی تھی۔ امریکی کوالیفائنگ بریڈلي نے38 ویں درجہ کے آسٹریلیائی کھلاڑی کو 4-6، 6-4، 6-3 سے شکست دی۔ شنگھائی ماسٹرز میں یہ تیسری مرتبہ ہے جب کرگیوس کو ابتدائی راؤنڈ میں شکست سے باہر ہونا پڑا ہے ۔میچ کے دوران بارڈرلائین پر کرگیوس نے چیئر امپائر کے فیصلے پر سوال کرتے ہوئے ان سے بحث کی تھی۔کورٹ پر اپنے خراب رویے کی وجہ سے ہمیشہ ہی شہ سرخیوں میں رہنے والے کرگیوس پر فیڈرر نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی میں صلاحیت ہے لیکن ان کے لیے یہ تبھی کارگر ہوگی جب وہ کھیل کے جذبے کی پیروی کریں گے ۔