فیڈرر کا نشیکوری اور جوکووچ کا مرے سے کوارٹر فائنل

میامی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین اینڈی مرے اور نواک جوکووچ کا گزشتہ برس ومبلڈن فائنل کے بعد پہلی مرتبہ یہاں سونی اوپن کے کوارٹر فائنلس میں مقابلہ ہورہا ہے۔ ومبلڈن کے فاتح برطانوی کھلاڑی مرے نے چوتھے راؤنڈ کے مقابلے میں فرانسیسی ٹینس اسٹار اور عالمی درجہ بندی میں 11 ویں مقام پر فائز جوویلفریڈ سونگا کو راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-1 سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ دنیا کے دوسرے بہترین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ٹامی روبیریڈو کو 6-3، 7-5 سے شکست دی ہے۔ مرے کا جوکووچ کے خلاف فتوحات کا ریکارڈ بہتر نہیں ہے تاہم وہ سربیائی کھلاڑی کے خلاف 8-11 کے ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں جیسا کہ گزشتہ برس جولائی میں انہوں نے ومبلڈن خطاب حاصل کیا تھا۔ جوکووچ کے خلاف منعقد شدنی کوارٹر فائنل مقابلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرے نے کہا کہ ہم نے ماضی میں چند سخت مقابلے کھیلے ہیں اور میں کوارٹر فائنل میں ایک اور کامیابی کیلئے پرعزم ہوں۔ علاوہ ازیں روجر فیڈرر نے اپنے چوتھے راؤنڈ کے مقابلے میں انتہائی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کے رچرڈ گیاسگے کو صرف 49 منٹوں میں 6-1 ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں ان کا مقابلہ جاپانی کھلاڑی کائی نشیکوری سے ہوگا جنہوں نے اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو سخت مقابلے کے بعد 7-6(9-7) ، 2-6 ، 7-6(11-9) سے شکست دی۔