ملبورن ۔ 20 ؍ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر نے جیمی کارنرس کے متواتر 41 گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنلس میں رسائی کے ریکارڈ کو آج برابر کرلیا ہے جیسا کہ انہوں نے آسٹریلین اوپن کے چوتھے راؤنڈ کے مقابلہ میں فرانسیسی کھلاڑی جو ویلفریڈ سونگا کو راست سیٹوں میں 6-3‘ 7-5 ‘ 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ برطانیہ میں نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے سے ہوگا جنہوں نے اپنے چوتھے راؤنڈ کے مقابلہ میں فرانس کے ٹینس اسٹار 33 سالہ اسٹیفن رابرٹ کو 6-1 ‘ 6-2 ‘ 6-7 ‘ 6-2 سے شکست دی ۔ عالمی درجہ بندی میں 119 ویں مقام پر فائز رابرٹ کے خلاف مرے نے 4 میچ پوائنٹس گنواتے ہوئے انہیں تیسرے سیٹ میں کامیابی موقع دیا ۔ فیڈرر نے ملبورن پارک میں سونگا کے خلاف انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں متواتر گیارہویں برس کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا ہے
اور حریف کھلاڑی سونگا کی وجہ سے ان میں بہتر مظاہرہ پیش کرنے کو تقویت ملی ہے ۔ کوارٹر فائنل میں مرے کے خلاف مقابلہ کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ ماضی میں ان کے درمیان بہترین مظاہرے ہوئے ہیں اور اس مرتبہ بھی بہتر مظاہرہ کی امید کی جاسکتی ہے ۔ دیگر مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے جاپان کے کی نیشیکوری کو 3گھنٹے 17 منٹ طویل مقابلہ میں 7-6 (7-3) ‘ 7-5 ‘ 7-6 (7-3) کے سخت ترین مقابلہ کے بعد شکست دی ۔ کوارٹر فائنل میں نڈال کا مقابلہ بلغاریہ کے گریجار دیمترو سے ہوگا ۔ خاتون زمرے کے مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس اسٹار ماریہ شارا پوا کو سلواکیہ کی ڈومینیکا سبولکوا کے خلاف 6-3 ‘ 4-6 ‘ 1-6 کی حیران شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دریں اثناء دو مرتبہ کی چمپین وکٹوریہ ایزرینکا نے امریکی کھلاڑی اسٹیفنس کو راست سیٹوں میں 6-3 ‘ 6-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔لینڈر پیس اور ان کی ساتھی کھلاڑی ڈینیلا ہنٹکوا نے مہیش بھوپتی اور ایلینا ویسنینا کو 6-0 ‘ 2-6 ‘ 10-6 سے شکست دی جبکہ ثانیہ مرزا اور ہوریا پکاو نے انستسیا روڈینوا اور کولن فلمنگ کو 6-4 ‘ 6-3 سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔