برسبین ۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے نئے کوچ ، نئے سال اور کسی قدر بڑی نئی راکٹ کے ساتھ نئے سال کا کامیاب آغاز کیا ہے جیسا کہ آسٹریلین اوپن 2014 کے آغاز سے قبل یہاں رواں برسبین انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ شرکت کررہے فیڈرر نے اپنے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں حریف کھلاڑی جارکو نمن کے خلاف 6-4، 6-2 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ فیڈرر جوکہ پہلی مرتبہ برسبین انٹرنیشنل میں شرکت کررہے ہیں ، انھوں نے اپنے حریف جوکہ عالمی درجہ بندی میں 44 ویں مقام پر فائز ہیں ان کے خلاف چودھویں ملاقات میں صد فیصد فتوحات کے ذریعہ اپنا ریکارڈ 14-0 کرلیا ہے۔ دیگر مقابلوں میں کائی نیشیکوری نے ایفڈن کے خلاف 6-2، 6-4 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فیڈرر کیلئے ٹورنمنٹ میں موجود اہم حریف کے امکانات کو ہنوز برقرار رکھا ہے ۔ ٹورنمنٹ میں توجہ کا مرکز اور شاراپوا کے قریبی دوست گریجار دیمترو کو دوسرے راؤنڈ میں مارین سلیک کے خلاف سخت مقابلے میں 5-7، 5-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ خاتون زمرہ میں وکٹوریہ آزرینکا نے ڈیلیوکوا کو راست سیٹوں میں 6-3 ،6-1 سے شکست دی ۔ علاوہ ازیں جرمنی کی انجیلی کربر نے روسی کھلاڑی انستسیا کو 6-2، 6-3 سے شکست دی ۔