نیویارک۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شاندار فام کا مظاہرہ کررہے 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپین راجر فیڈرر جنہوں نے 2004-08ء متواتر پانچ یو ایس اوپن خطابات حاصل کئے، جبکہ 2009ء کے فائنل میں انہیں حیران کن طور پر ارجنٹینا کے دراز قد ٹینس اسٹار یان مارٹن ڈیل پٹرو کے خلاف 5 سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی، جس کے بعد فیڈرر نے تقریباً ہر سال کسی نہ کسی گرانڈ سلام کے فائنل تک رسائی حاصل کی، لیکن یو ایس اوپن کے فائنل میں انہیں رسائی کا موقع نہیں ملا ہے۔ دریں اثناء فیڈرر جوکہ ومبلڈن اوپن کے فائنل میں جوکووچ کے خلاف شکست برداشت کرنے کے علاوہ گزشتہ ہفتہ سنسناٹی اوپن کے فائنل میں جوکووچ کو شکست دیتے ہوئے پھر ایک مرتبہ خود کو یو ایس اوپن کیلئے پسندیدہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے، جیسا کہ سیزن کے آخری گرانڈ سلام کا کل یہاں آغاز ہورہا ہے اور فیڈرر پہلے ہی دن اپنا مقابلہ کھیلیں گے۔ فیڈرر کے لئے چھٹے یو ایس اوپن خطاب کی راہ آسان نہیں جیسا کہ پہلے ہی مقابلے میں ان کا سامنا 33 ویں درجہ کے ارجنٹینائی کھلاڑی لیو نارڈو میئر سے ہوگا جن کے خلاف گزشتہ برس فیڈرر نے شنگھائی اے ٹی پی ماسٹرس میں 7-5، 3-6 ، 7-6 (9-7) کی کامیابی حاصل کی تھی۔ فیڈرر نے رواں برس برسبین ، دبئی ، استنبول ، ہال، سنسناٹی میں خطابات حاصل کرنے کے علاوہ ومبلڈن کے فائنل میں بھی رسائی حاصل کی ۔ اس دوران انہوں نے مرے اور جوکووچ کو متعدد مرتبہ شکست دی ہے۔ فیڈرر کیلئے یو ایس اوپن خطاب کی راہ میں کوارٹر فائنل کے حریف ٹامس برڈگ اور سیمی فائنل میں اینڈے مرے یا ہم وطن کھلاڑی اسٹانسلس واؤرنکا متوقع حریف ہوسکتے ہیں۔ خطاب کے دعویداروں میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ ، برطانوی نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے ، رافل نڈال ، واؤرنکا اور دفاعی چمپین مارن سیلک شامل ہیں۔