فیڈرر فرنچ اوپن منتظمین پر برہم

پیرس ، 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سوئس ٹینس اسٹار روجر فیڈرر کمزور سکیورٹی ملنے پرفرنچ اوپن کے انتظامیہ پر برس پڑے۔ 17 مرتبہ گرانڈ سلام جیتنے والے فیڈرر اتوار کو کولمبیائی حریف کو شکست دینے کے بعد کورٹ سے جا رہے تھے کہ اچانک ایک لڑکا دوڑتا ہوا آیا اور سوئس اسٹار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔ سکیورٹی عملے نے فوراً لڑکے کو پکڑ لیا لیکن 33 سالہ فیڈرر سکیورٹی کی کمزوری پر غصے میں آ گئے۔ ’’جو کچھ بھی ہوا، میں اس پر خوش نہیں۔ گزشتہ روز پریکٹس کے دوران بھی ایسا ہی ہوا جب تین بچے آ گئے اور آج کچھ اسی طرح سنٹر کورٹ میں پیش آیا جہاں آپ ایسی حرکت کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ اس حوالے سے کچھ اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔ عموماً میں اپنی ذات کے حوالے سے ہی بات کرتا ہوں لیکن آج پیش آنے والی صورتحال کے بعد میں دوسرے کھلاڑیوں کی جانب سے بھی کہوں گا کہ ہمیں اپنا کھیل پیش کرنے کے دوران تحفظ کا احساس ملنا چاہئے‘‘۔ 2009 ء کے فائنل میں بھی فیڈرر کو ایسی ہی صورتحال پیش آئی تھی جب اسی کورٹ میں ایک مداح بھاگتا ہوا آیا اور ان کے سر پر اپنی ٹوپی رکھ دی۔ 1993ء ہیمبرگ میں ایک مداح کی جانب سے مونیکا سیلس کو چھری گھونپنے کے واقعہ کے بعد سے ٹینس ٹورنمنٹس کے دوران کھلاڑیوں کا تحفط بڑی تشویش کا سبب رہا ہے۔