فیڈرر ریواولمپکس سے دستبردار، بقیہ سیزن میں بھی عدم شرکت

زیوریخ ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار سوئٹزرلینڈ کے روجر فیڈرر انجری کے باعث اگلے ماہ کے ریو اولمپکس سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ سیزن کے بقیہ مقابلوں میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔ فیڈرر نے اپنے ’فیس بک‘ پیغام میں کہا کہ ’’میں انتہائی مایوسی کے ساتھ اعلان کررہا ہوں کہ میں ریو میں اولمپک مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کی نمائندگی نہیں کرپاؤں گا اور میں بقیہ سیزن بھی نہیں کھیلوں گا‘‘۔ 17 مرتبہ گرانڈ سلام جیتنے والے فیڈرر نے کہا کہ اگر وہ کریئر کو طول دینا چا ہتے ہیں تو بحالی کے عمل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ 34 سالہ فیڈرر رواں سال فروری میں گھٹنے کی انجری کے باعث زخمی ہو گئے تھے جبکہ کمر کی تکلیف کی وجہ سے وہ فرنچ اوپن سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ انھوں نے کہا : ’’میں نے رواں سال کے آغاز میں گھٹنے کی سرجری کے بعد بحالی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے بہت مشکل فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ اگر میں اگلے چند سال میں بغیر انجری کے کھیلنا چاہتا ہوں تو ایسا کرنا پڑے گا اور مجھے اپنے دونوں گھٹنوں اور جسم کو بحالی کیلئے پورا وقت دینا ہوگا‘‘۔ فیڈرر نے کہا کہ میرا منصوبہ ہے کہ ٹینس میں واپسی کیلئے اپنی پوری توانائی صرف کروں گا اور 2017ء میں جارحانہ ٹینس کھیلوں۔ فیڈرر رواں سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کے بعد گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر مقابلوں سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد وہ اپریل میں مونٹے کارلو ماسٹرز میں واپس آئے تھے جہاں جو ولفریڈ سونگا کے ہاتھوں کوارٹرفائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سابق عالمی نمبر 1 نے مئی میں منعقدہ فرنچ اوپن سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔