فیڈرر اور جوکووچ کا فائنل میں ٹکراؤ متوقع

لندن۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ اور راجر فیڈرر کے درمیان ایک اور فائنل شائقین کو دیکھنے کو مل سکتا ہے کیونکہ سیزن کے آخری لیکن پروقار ٹورنمنٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹورفائنلز میں دونوں ہی کھلاڑیوں نے اپنے اپنے گروپ میں پہلا مقام حاصل کیا ہے جس سے ان کی سیمی فائنلز میں رسائی ہوئی ہے اور امید ہے کہ ہفتے کو کھیلے جانے والے سیمی فائنلز میں دونوں ہی کھلاڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اتوار کو ایک اور شاندار فائنل کو یقینی بنائیں گے جبکہ گزشتہ ہفتہ بھی پیرس ماسٹرس کے سیمی فائنل میں فیڈرر اور جوکووچ کے درمیان ایک طویل اور شاندار مقابلہ ہوا تھا جہاں تین سیٹوں کی جدوجہد کے بعد جوکووچ کو اس وقت کامیابی ملی جب فیصلہ کن لمحات میں فیڈرر نے ایک دوہری غلطی کرتے ہوئے حریف کو ٹائی بریکر میں کامیابی کا موقع فراہم کیا تھا ۔قبل ازیں رواں ٹورنمنٹ کے پہلے ہی مقابلے میں فیڈرر کو حیران کن طور پر جاپان کے حریف کھلاڑی کائی نیشیکوری کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جس کے بعد گروپ کے آخری مقابلے میں انہیں ابتدائی دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے جنوبی افریقہ کیون اینڈرسن کے خلاف ایک سٹ کی کامیابی اشد ضروری تھی لیکن انہوں نے اس مقابلے میں 6-4,6-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف سیمی فائنلز میں رسائی کو یقینی بنایا بلکہ گروپ میں سرفہرست رہتے ہوئے جوکووچ کے خلاف ممکنہ سیمی فائنل سے بھی خود کو محفوظ رکھا۔اس سے قبل ڈومینک تھیم نے اپنے حریف کائی نیشیکوری کو راست سٹوں میں شکست دے کر فیڈرر کا کام آسان کردیا۔