فیڈرر اور جوکووچ سیمی فائنل میں داخل

دبئی 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے کوارٹر فائنل مقابلے میں ترکستان کے کوالیفائر کھلاڑی مارشل الہان کو راست سیٹوں میں 6-1,6-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں ان کا مقابلہ ٹامس برڈک سے ہوگا جنہوںنے اپنے کوارٹر فائنل مقابلے میں سرجی اسٹاکوسکی کو 6-3,4-6,6-2سے شکست دی ہے ۔ دریں اثناء راجر فیڈرر جو کہ ٹورنمنٹ کے دفاعی چیمپئن بھی ہیں انہیں سیمی فائنل میں رسائی کا اس وقت موقع مل گیا جب کوارٹر فائنل میں ان کے حریف کھلاڑی رچرڈ گیاسگے نے مقابلے سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ گیاسگے نے جس وقت مقابلے سے دستبرداری اختیار کی اس وقت فیڈرر نے پہلا سیٹ بآسانی 6-1 سے اپنے نام کرلیا تھا۔ فیڈرر کا سیمی فائنل میں مقابلہ نوجوان کروشیائی کھلاڑی بورنا کورک سے ہوگا جنہوں نے ٹورنمنٹ کے ابتدائی مقابلے میں آسٹریلین اوپن فائنلسٹ اینڈی مرے کے خلاف حیران کن کامیابی حاصل کی ۔