فیڈرر اور جوکووچ سیمی فائنل میں داخل ‘مرے کو شکست

لندن۔3جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن اینڈی مرے کا اپنے خطاب کے کامیاب دفاع کا خواب کوارٹر فائنل میں چکنا چور ہوگیا جیسا کہ انہیں بلغاریہ کے گریجار ڈیمترو کے خلاف راست سیٹوں میں شکست برداشت کرنی پڑی لیکن دیگر دو سابق چمپئن راجر فیڈرر اور نواک جوکووچ جدوجہد کے باوجود کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ خاتون زمرہ کے مقابلہ میں غیر معروج کھلاڑیوں فرنچ اوپن کی رنراپ سیمونا ہالپ اور کینیڈا کی ای جین بوچارڈ نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ڈیمیترو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرے کو یکطرفہ مقابلہ میں 6-1‘ 7-6(4)‘ 6-2 سے شکست دیتے ہوئے اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ گیارھویں درجہ پر فائز ڈیمیترو نے پانچ مرتبہ مرے کی سرویس توڑی جس میں آخری گیم میں توڑی جانے والی سرویس بھی شامل ہے۔علاوہ ازیں ڈیمیترو کی یہ گرانڈسلام میں سرفہرست 10کھلاڑیوں کے خلاف پہلی کامیابی ہے ۔ مرے جنہوں نے گذشتہ برس ومبلڈن خطاب حاصل کرتے ہوئے 77برس میں برطانیہ کیلئے پہلا گرانڈ سلام حاصل کرنے والے کھلاڑی ثابت ہوئے تھے

اور اس دوران انہوں نے آل انگلینڈ کلب میں 17مقابلوں تک کوئی سیٹ گنوائے بغیر ناقابل شکست کھلاڑی کا موقف حاصل کرلیا تھا اور 1936ء کے بعد وہ اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرنے کے خواہاں تھے ۔ مرے کا مقابلہ دیکھنے کیلئے رائل باکس میں شہزادہ ولیمس اور ان کی اہلیہ کیٹ بھی موجود تھی ۔ ڈیمیترو جنہیں کھیلنے کے انداز کی وجہ سے ’’ بے بی فیڈرر‘‘کہا جاتا ہے انہوں نے اس مقابلہ میں 10ایسیس اسکور کرتے ہوئے مرے کے مسائل میں مزید اضافہ کیا ۔ ڈیمیترو کا سیمی فائنل میں مقابلہ نواک جوکووچ سے ہوگا

جنہوں نے دو سیٹ گنوانے کے باوجود کروشیا کے عالمی نمبر 26 مارن سیلک کو 6-1 ‘ 6-7(4) ‘ 6-2 ‘ 6-2سے شکست دیتے ہوئے متواتر پانچویں مرتبہ ومبلڈن کی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ جوکووچ جنہوں نے 2011ء میں یہاں خطاب حاصل کرنے کے علاوہ 2013ء میں رنراپ رہے تھے ‘ انہوں نے سیلک کے خلاف اپنے ریکارڈ کو 10-0تک پہنچادیا ۔ گذشتہ 17گرانڈ سلام میں یہ 16واں موقع ہے کہ جوکووچ سیمی فائنل میں شرکت کررہے ہیں ۔ جوکووچ کا سیمی فائنل میں ڈیمیترو سے مقابلہ ہے اور ان کے خلاف جوکووچ نے 3-1 کی فتوحات حاصل کررکھی ہے ۔ لیکن ومبلڈن سے قبل کوئنس کلب میں ڈیمیترو وارم اپ ٹورنمنٹ جیتنے کے علاوہ گھاس کے میدان پر تاحال کوئی مقابلہ نہیں ہارا ہے ۔

فیڈرر جو کہ ریکارڈ آٹھویں ومبلڈن اور مجموعی طور پر 18ویں گرانڈ سلام خطاب کا تعاقب کررہے ہیں انہوں ے کوارٹر فائنل میں اپنے ہم وطن حریف کھلاڑی اسٹانسلس واورنکاکو پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود 3-6 ‘ 7-6(5) ‘ 6-4 ‘ 6-4 سے شکست دی ۔ آسٹریلین اوپن چمپئن واورنکا کے خلاف اس کامیابی کے ذریعہ فیڈرر نے فتوحات کا ریکارڈ 14-2 کرلیا ہے ۔ فیڈرر کو گذشتہ برس یہاں دوسرے ہی راؤنڈ میںشکست برداشت کرنی پڑی تھی اور 2008ء کے خطابی مقابلہ میں نڈال کے خلاف شکست برداشت کرنی پری تھی ۔ فیڈرر نے سیمی فائنل میں مقابلہ کینیڈا کے میلوس راؤنک سے ہوگا جنہوں نے نڈال کو چوتھے راؤنڈ میںشکست دینے والے گائیروجس کو چار سیٹوں میں مشتمل مقابلہ میں 6-7(4) ‘ 6-2 ‘ 6-4 ‘ 7-6(7)سے شکست دی ہے ۔