پیرس۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کا فرنچ اوپن سفر ختم ہوگیا جیسا کہ انہیں بیتھین ماٹک سیانڈس اور لوسی سفارواکے خلاف راست سیٹوں میں 5-7 ، 2-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ سرینا ولیمس نے سارا ایرانی کو بہ آسانی 6-1 ، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ قبل ازیں متواتر دوسرے دن عالمی نمبر 2 ٹینس اسٹار کو ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا جیسا کہ روجر فیڈرر کو فرنچ اوپن 2015ء کے کوارٹر فائنل میں ہم وطن اسٹانسلس واؤرنکا کے خلاف راست سیٹوں میں 6-4، 6-3 ، 7-6(4) کی شکست برداشت کرنی پڑی کیونکہ گزشتہ روز خاتون زمرے میں دفاعی چمپین اور عالمی نمبر 2 ماریا شارا پووا کو چیک جمہوریہ کی لوسی سفاروا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ فیڈرر جوکہ ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کررہے تھے اور فائنل تک رسائی کیلئے انہیں ’’پسندیدہ‘‘ قرار دیا جارہا تھا تاہم انہوں نے واؤرنکا کے خلاف انتہائی ناقص مظاہرہ کیا حالانکہ تیسرے سیٹ میں ان کا مظاہرہ بہتر ہورہا تھا لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ سیمی فائنل میں واؤرنکا کا مقابلہ فرانسیسی ٹینس اسٹار جوویلفریڈ سونگا سے ہوگا جنہوں نے 5 سیٹوں پر مشتمل ایک سخت مقابلے کے بعد ایشیائی اُمیدوں کے مرکز کائی نشی کوری کو شکست دی۔