ہالے؍ لندن۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی میں کھیلے گئے گیری ویبر اوپن کا خطاب نویں مرتبہ سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی راجر فیڈرر نے جیت لیا۔ خطابی مقابلے میں انہوں نے نمبر چار سیڈ جرمن حریف الیگزینڈر زویریو کو آسانی کے ساتھ 6-1 اور 6-3 سے شکست دے کر نہ صرف کیریئر کا 92واں خطاب جیتا بلکہ ومبلڈن چیمپئن شپ کی بھی تیاری کر لی جہاں انہیں خطاب کے لئے سب سے پسندیدہ دعویدار مانا جارہا ہے۔اپنے کیریئر کا 140واں فائنل کھیلنے والے راجر فیڈرر نے کہا کہ انہوں نے ناقابل یقین طور پر اس ہفتے بہترین ٹینس کھیلی جس میں سب کچھ ان کے حق میں رہا۔ واضح رہے کہ راجر فیڈرر مینز ٹینس میں رافیل نڈال کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی ایونٹ کا خطاب آٹھ یا زائد مرتبہ جیتا ہے۔ علاوہ ازیں لندن میں کھیلے گئے ایگون چیمپئن شپ فائنل میں اسپین کے 35سالہ کھلاڑی فیلیسیانو لوپیز نے نمبر چار سیڈ کروشیا کے مرین سلچ کیخلاف پہلا سیٹ 4-6 سے گنوانے کے باوجود اگلے دو سیٹس میں 7-6 اور 7-6 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی اور اوپن ایرا میں اس ٹورنمنٹ کو جیتنے والے سب سے معمر کھلاڑی بھی بن گئے۔انگلینڈ کے شہربرمنگھم میں کھیلے گئے ایگون کلاسک ٹینس ٹورنمنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں نمبر سات سیڈ چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا نے آسٹریلیائی حریف ایشلے بارٹی کو شکست دے کر کیریئر کا بیسواں خطاب جیت لیا۔نمبر سات سیڈ کھلاڑی پیٹرا کویٹووا پہلے سیٹ میں 4-6 سے مات کھا ئی لیکن انہوں نے بہترین واپسی کرتے ہوئے ایشلے بارٹی کو 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر خطاب حاصل کیا۔
کامیابی کے بعد انہوں نے کہا کہ انہیں گراس کورٹ پر فائنل کھیلنا پسند ہے کیونکہ اس سے مکمل واقفیت اور عادت بھی ہے۔اسپین میں ہونے والے مالورکا اوپن کا خطاب لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹوو انے جیت لیا جب انہوں نے فائنل میں جرمنی کی جولیا جارجز کو مات دے دی۔نمبردو سیڈ لیٹوین کھلاڑی کو پہلے ہی سٹ 6-4 سے کامیابی مل گئی تھی لیکن دوسرے سیٹ میں کھیل اس وقت برابر ہو گیا جب جولیا جارجز نے 6-3 سے کامیابی حاصل کر لی تاہم اناستاسیا سیواسٹووا نے تیسرے سیٹ میں 6-3 سے کامیابی کی بدولت کیریئر کا دوسرا ڈبلیو ٹی اے خطاب جیت لیا۔سینٹ پیٹرزبرگ۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام)فٹبال کنفیڈریشن کپ کے آخری گروپ میچ میں رونالڈو کی ٹیم پرتگال اور میکسیکو نے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ نیوزی لینڈ اور میزبان روسی ٹیم کی مہم ختم ہو گئی۔روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سوپر اسٹار رونالڈو نے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ 37ویں منٹ میں برنارڈو نے گیند کو جال میں ڈال کر اسکور 2-0 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں بھی پرتگالی ٹیم چھائی رہی۔ سِلوا اور نینی کے گولز نے ٹیم کو 4-0 سے شاندار فتح دلائی۔ سات نشانات کے ساتھ سرفہرست پرتگالی ٹیم نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔دوسرے میچ میں میزبان روسی ٹیم نے پہلے گول کیا، جس کے فوری بعد میکسیکو نے حساب برابر کر دیا، دوسرے ہاف میں میکسیکن لوزانو نے گول کیا اور 2-1 کی فتح سے میزبان روس کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔