فیڈرر، جوکووچ اور شاراپوا پہلے راؤنڈ میں کامیاب

نیویارک۔29اگست(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور ومبلڈن چیمپئن سربیا کے نواک جوکووچ نے سال کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں کامیاب شروعات کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔فیڈرر نے جاپان کے یوشھتو نشیوکا کو 6-2، 6-2، 6-4 سے شکست دی۔ یو ایس اوپن میں جہاں دوسرے کھلاڑیوں کو شدید گرمی میں جدوجہد کرنی پڑی وہیں فیڈرر نے سرو اور والی ٹینس کا ماسٹرکلاس کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ ایک گھنٹے 52 منٹ میں ختم کر دیا۔ فیڈررکا دوسرے راؤنڈ میں غیر سیڈ فرانس کے بیناایٹ پیئر سے مقابلہ ہوگا۔ومبلڈن چیمپئن جوکووچ نے ہنگری کے مارٹن فکسووکس کو 6-3، 3-6، 6-4،6-0 سے شکست دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے شدید گرمی سے نجات پانے کے لیے تیسرے راؤنڈ کے چوتھے سٹ کے درمیان میں10 منٹ کا وقفہ لیا۔ دوسرا سیٹ گنوانے کے بعد جوکووچ نے اگلے دو سٹ آسانی سے جیت لیے ۔جوکووچ 2016 کے بعد سے پہلی بار یو ایس اوپن میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں سنسناٹی ماسٹرس جیت کر ماسٹرس سیریز کے سبھی خطاب مکمل کر لئے ہیں۔خاتون زمرے میں سابق نمبر ایک روس کی ماریا شاراپوا نے سوئزرلینڈ کی تجربہ کارکھلاڑی پیٹی شنائیڈرکو 6-2، 7-6 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ شاراپووا کا اگلا میچ رومانیہ کی سورانا کرسٹی سے ہوگا۔آسٹریلیا کے نک کیریاس نے پہلے دور میں راڈو البوٹ کو 7-5 2-6 6-4 6-2 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ گرمی سے پریشان ہوکر کیریاس کو بھی میچ کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ لینا پڑا۔ یہاں لوئیس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میںگرمی سے پریشان بہت سے کھلاڑیوں نے حکام سے شکایت بھی کی۔جرمنی کے ایلکزینڈر زیوریف نے کینیڈا کے پیٹر پولانسکي کو راست سٹوں میں6-2 6-1 6-2 سے شکست دے کر ڈیڑھ گھنٹے میں کامیابی اپنے نام کر لی۔ 21 سالہ زیوریف نے پہلے سرو پر83 فیصد پوائنٹس جوڑے اور10 ایس لگائے ۔وہ دوسرے راؤنڈ میں فرانس کے نکولس ماہوت سے مقابلہ کریں گے ۔