فینانس کمپنی کی ہراسانی و اذیت سے ایک شخص کی خودکشی

حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) رشتہ دار کو رقمی ضمانت دینا ایک شخص کی موت کا سبب بن گیا۔ جعلی فینانس کمپنی کی مبینہ ہراسانیوں اور اذیت رسانی سے دلبرداشتہ شخص نے فینانس کمپنی میں منیجر کے رویہ پر خودکشی کرلی۔ سکندرآباد کے علاقہ تکارام گیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 62 سالہ ضعیف شخص ناگاانا نے ریجنل منیجر کے چیمبر میں نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ناگا انا ریٹائرڈ ریلوے ملازم تھا جس نے اس کے رشتہ دار پردیپ کو 6 لاکھ روپئے قرض کی ضمانت دی تھی تاہم پردیپ اس کو ادا نہیں کررہا تھا اور سال 2016ء میں پردیپ فوت ہوگیا جس کے بعد قرض کی ادائیگی کے لیے یہ خانگی فینانس کمپنی نے اس ریٹائرڈ شخص کو گھیرنا شروع کردیا اور رقم کی ادائیگی کے لیے دبائو ڈال رہے تھے۔ اس دبائو اور ذہنی اذیت سے تنگ ناگاانا نے اس فینانس کمپنی کا رخ کیا اور ریجنل منیجر کے روبرو خودکشی کرلی۔