نیویارک۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام )فٹ بال کی عالمی تنظیم کے دو نائب صدور سمیت 9 سرفہرست عہدیداروں پر فرد جرم عائد کردیا گیا ہے۔ امریکہ اٹارنی جنرل کے بموجب فیفا کرپشن اسکینڈل میں 150 ملین ڈالرز کا ناجائز منافع شامل ہے۔دنیا کا سب سے مقبول کھیل فٹ بال ہے جس کی عالمی تنظیم فیفا کے عہدیداروں پر کرپشن، منی لانڈرنگ، دھوکہ دہی اور رشوت کے سلسلے میں فرد جرم عائدکیا گیا ہے۔ امریکہ کی وزارت انصاف نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں فیفا کے اْن 9 عہدیداروں کے نام بتائے گئے ہیں
جن پر فرد جرم عائد ہوا ہے۔ امریکہ کی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی پچھلے تین برس سے اس بارے میں تفتیش کر رہی تھی، اس میں سے 7 عہدیدار کو جس میں فیفا کے نائب صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر جیفری ویب بھی شامل ہیں کو پولیس نے زیورخ سے ہوٹل میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ امریکی اٹارنی جنرل لوریٹا لائینچ نے اسکینڈل کے بارے میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ اس معاملے میں 150 ملین ڈالرز کا ناجائز منافع شامل ہے۔ کرپشن کا تعلق زیادہ تر فٹبال ورلڈ کپ 2010ء اور فیفا صدارتی انتخابات سے ہے۔ ناصرف اپنے مفادات کی خاطر کھیل کو متاثر کیا گیا گیا بلکہ منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی جیسے کام ہوئے۔