نئی دہلی ۔ 9 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )انڈین فٹبال ٹیم گزشتہ ماہ 2018 ء کے ورلڈ کپ کوالیفائرس راؤنڈ 1 میں ایک جیت اور نیپال کے خلاف ڈرا کے بل بوتے پر عالمی درجہ بندی میں خوب فائدہ اُٹھانے میں کامیاب ہوئی جس کی توثیق آج جاری کردہ تازہ فیفا درجہ بندی سے ہوگئی جس میں ہندوستان کو 26 درجہ کی بہتری کے بعد 147 واں مقام دیا گیا ہے ۔ ہندوستان نے 12 اور 17 مارچ کو ترتیب وار نیپال کو 2-0 سے شکست دی اور پھر 0-0 سے ڈرا کھیلا تھا جس پر انھیں 87 پوائنٹس حاصل ہوئے اور وہ 209 ممالک میں کمتر 173 ویں درجہ سے اب کافی بہتر مقام پر آگئے ہیں۔ یہ ہندوستانی ٹیم کی فیفا فہرست میں مئی 2014 ء کے بعد سے بہترین پوزیشن ہے ۔ اتفاق سے اُس سال بھی ہندوستانی ٹیم کو 147 واں درجہ ملا تھا ۔