ساؤ پاؤلو (برازیل)، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر نے کہا ہے کہ وہ برازیل میں آئندہ ہفتے شروع ہونے والے عالمی فٹبال کپ کی کامیابی کیلئے پر اعتماد ہیں۔ فیفا کے صدر سپ بلیٹر نے برازیل کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عالمی کپ کو کامیاب بنانے کیلئے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں کریں۔ انھوں نے یہ بات کل یہاں ساؤ پاؤلو شہر میں میٹرو کے کارکنوں کی ہڑتال کی وجہ سے ہونے والی ٹریفک جام سے نکلنے کے بعد کہی۔ فیفا کے حکام اس ٹریفک جام میں کئی گھنٹوں تک پھنسے رہے۔ حکومت اور میٹرو یونین کے مابین مذاکرات ناکام ہونے کی وجہ سے ہونے والی ہڑتال دوسرے دن میں داخل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مزید مشکلات پیش آئیں گی۔ ساؤ پاؤلو میں برازیل اور کروشیا کے درمیان ورلڈ کپ 2014ء کا ابتدائی میچ کھیلا جائے گا۔ پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو وہ بھی ہڑتال کریں گے۔
گزشتہ برس لاکھوں افراد نے عالمی کپ پر ہونے والے اخراجات اور بدعنوانی کے خلاف اور عوامی سہولیات میں بہتری کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک بھر میں مظاہرے کئے تھے۔ حالیہ احتجاج برازیل میں منعقد شدنی فیفا ورلڈ کپ کیلئے ایک نیا دھکہ ہے جس پر ٹورنمنٹ کے عالمی منتظمین نے تنقید بھی کی ہے۔ لیکن فیفا کے صدر نے عالمی کپ کے انعقاد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پراعتماد ہیں کہ یہ ایک جشن ہوگا‘‘۔ لوکل ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ کے بعد سکریٹری جنرل جیروم والکی نے کہا، ’’عمومی احساس یہی ہے کہ ہم نے سب کچھ کیا ہے … جو کچھ بھی یہ یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ یہ ورلڈ کپ 12 جون کو شروع ہوجائے‘‘۔ گزشتہ برس لاکھوں افراد نے عالمی کپ پر آنے والے اخراجات اور بدعنوانی کے خلاف اور عوامی سہولیات میں بہتری کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک بھر میں مظاہرے کئے تھے۔ تب سے اب تک برازیل میں متعدد مرتبہ مظاہرے ہو چکے ہیں جن میں سے کئی تشدد کے بعد ختم ہوئے۔