فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کرنے کی دھمکی دیدی

زیورخ ، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال میں سرکاری مداخلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کو آزادانہ کام نہ کرنے دیا تو پاکستان کی رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔ فیفا کے قائم مقام سکریٹری جنرل مارکوس کیٹنر کی جانب سے پی ایف ایف سکریٹری کو لکھے گئے خط میں ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ فیفا نے پی ایف ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری حکام کو آگاہ کریں کے تیسرے فریق کی مداخلت فیفا قوانین کے آرٹیکل 13 اور 17 کی خلاف ورزی ہے ۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان کو رکنیت معطل سمیت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فیفا نے پی ایف ایف کو جوڈیشل باڈیز کی تنظیم نو کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی پی ایف ایف انتخابات سے قبل معطل کئے گئے اراکین کو بحال کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ قبل ازیں فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی کے دو روزہ اجلاس منعقدہ زیورخ میں مخدوم فیصل صالح حیات کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا آئینی صدر تسلیم کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پی ایف ایف کے معاملات کو چلانے کیلئے ایڈمنسٹریٹر کے تقررکو فیفا کے آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔ اس ضمن میں فیفا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پی ایف ایف کے معاملات کیلئے ایڈمنسٹریٹرکا تقرر فیفا کے آئین کے آرٹیکل 13.1 اور آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔