حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف حدومیں اجتماعی عصمت ریزی اور دیگر جرائم کے واقعات میں پولیس نے سخت گیر موقف اختیار کرلیا ہے ۔ خاطیوں کے خلاف کارروائی میں سست روی پر انسپکٹر کا تبادلہ کرنے کے بعد پولیس کے اعلی عہدیدار اب ان ویڈیوز کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے جو واٹس اپ اور سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹس پر ڈاونڈ لوڈ کی گئیں اور اس معاملہ میں پولیس کے اعلی عہدیداروں کو خود پولیس کے کردار پر شبہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خود ساختہ صحافی کے خلاف کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے تاہم عوام میں یہ سوال گشت کررہا ہے کہ جب بد نام زمانہ فیصل دیانی اور اس کی ٹولی سے حاصل کردہ مواد پولیس کے قبضہ سے کس طرح عوام تک پہونچا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سائبر آباد پولیس کے اعلی عہدیدار اس ٹولی کے خلاف مزید سخت کارروائی کے اقدامات کررہے ہیں ایک طرف عوام کا بڑھتا دباو اور اس بدنام زمانہ ٹولی کی حرکتوں سے حود پولیس کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ امکان ہے کہ اس ٹولی کو دوبارہ پولیس اپنی تحویل میں لے گی تاہم پولیس نے اس کی توثیق نہیں کی ہے۔